لاہور (سپیشل رپورٹر) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے اور 2018کے انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے ووٹ کاسٹ کرنے کا انتظام کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری افریقی ،یورپی ، عرب ،امریکہ ،برطانیہ اور خلیجی ممالک میں موجود اوورسیز پاکستانیوں کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اوور سیز پاکستانی سالانہ 19ارب ڈالر کا زرمبادلہ پاکستان بھجواتے ہیں مگر یہاں کے کرپٹ حکمران وہی پیسہ لوٹ کر بیرونی بنکوں میں جمع کروا دیتے ہیں جس کی وجہ سے لاکھوں پاکستانیوں کے خون پسینے کی کمائی کا ملک و قوم کو کوئی خاص فائدہ نہیں ہوتا اور بیرون ملک مقیم پاکستانی اسی کرپٹ نظام سے ڈرتے ہوئے پاکستان سے باہر سرمایہ کاری کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے اوور سیز پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کو ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف سے نجات دلانے کیلئے اپنے کاروبار پاکستان میں منتقل کریں۔ سراج الحق نے پوپ فرانسس کے اسلام کے بارے میں مثبت تاثرات پر کہاکہ پوپ نے حقیقت کا مظاہرہ کیا اور اسے وسیع پیمانے پر خراج تحسین پیش کیا جارہاہے لیکن امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ جیسے کچھ لوگ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف دشنام طرازی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن و آشتی اور عدل و انصاف کاعلمبردار دین ہے ،اس کے روشن چہرے کو مسخ کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت احتساب کیلئے تیار نہیں اور محض بیانات سے وقت کو ٹال رہی ہے ،لیکن کرپشن کے ڈسے ہوئے عوام حکومت کو احتساب سے بھاگنے کا موقع نہیں دیں گے ۔حکومت کوعوام کے مطالبے کے سامنے سرجھکانا اور کمشن بنانا پڑے گا۔
اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے، حکومت کو احتساب سے بھاگنے نہیں دینگے: سراج الحق
Aug 07, 2016