کراچی میں ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے‘ ارشدوہرہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے کہا ہے کہ کے ایم سی کے زیر انتظام صادقین آرٹ گیلری میں ہونے والی نمائشوں کو کتابی شکل میں شائع کیا جائے گا جن میں مصوروں کا تعارف، ان کی پینٹنگ اور بائیو گرافی کو شامل کیا جائے گا اور موسیقی کی تربیت کے لئے ایک ورکشاپ کا بھی انعقاد کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ کلچر اسپورٹس اینڈ ریکریشن کے زیر اہتمام کے ایم سی اور پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے اشتراک سے ”موہنجودڑو ٹو کراچی “نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سینئر ڈئریکٹر کلچر اسپورٹس اینڈ ریکریشن سیف عباس، ڈائریکٹر کلچر طارق نصیر، انچارج پی این سی اے شاہد حمید اور دیگر نامور مصور موجود تھے، ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کا ماحول تبدیل ہو رہا ہے کھیلوں، ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور کراچی کے نوجوان مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب ہو رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ہمیں انہیں مواقع فراہم کرنے کے لئے اپنی کاوشوں کو تیز کرنا ہوگا۔ کراچی میں ادب، ثقافت، مصوری، کھیل اور دیگر شعبوں میں بے شمار ٹیلنٹ موجود ہے، ضرورت انہیں ایک پیج پر لانے کی ہے انہوں نے کہا کہ اس نمائش میں نوجوان مصوروں کے علاوہ دیگر معروف مصوروں نے بھی اپنی پینٹنگ کی نمائش کی ہے جنہیں میں مبارکباد پیش کرتا ہوں اس کے ساتھ ساتھ کراچی کے شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس نمائش میں بھرپور شرکت کریں، ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ اب تک ہمارے دو ر میں 8 سے زائد نمائشوں کا انعقاد صادقین آرٹ گیلری میں ہوچکا ہے ۔

ای پیپر دی نیشن