لاہور (نیوز رپورٹر) ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے دوران ڈیوٹی سے غیرحاضر رہنے والے مزید 9 ڈاکٹرز کی خدمات پرائمیر اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے سپرد کر دی ہیں جس میں چلڈرن ہسپتال ملتان کے 4 ڈاکٹرز زاہد علی، قیصر عباس، محمد خلیل ، راﺅ محمد یاسر شامل ہیں۔ جناح ہسپتال لاہور کے پانچ ڈاکٹرز حافظ محمد سلطان، راجہ عمر فیض، محمد اکمل خان، محمد حسن بخش اور محمودالحق شامل ہیں۔ ینگ ڈاکٹرز نے اپنے مطالبات کے حق میں مسلسل چھٹے روز بھی ہڑتال جاری رکھی جس کے باعث سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ جزوی طور پر معطل رہا ، ینگ ڈاکٹرز نے جناح ہسپتال میں میڈیکل آفیسرز کی خالی آسامیوں پر بھرتی کے لئے انٹرویوز دینے آنے والے امیدواروں کو ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے ہراساں کرنے کی کوشش کی جس پر پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی ،ہڑتال ، ہنگامہ آرائی اور مریضوں کے علاج معالجہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش پر جناح ہسپتال کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شبیر حسین اور سروسز ہسپتال کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمود الحسن کی خدمات محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کے سپرد کردی گئیں۔ محکمہ صحت پنجاب نے احتجاجی ڈاکٹرزسے نمٹنے کے لئے حکمت عملی طے کرلی جس کے بعد تمام ہسپتالوں میں نئے ڈاکٹرز کی بھرتی کا عمل شروع ہو گیا اتوار والے روز ڈاکٹرز کی خالی آسامیوں کے لئے انٹرویو کئے گئے ،پنجاب بھر میں گزشتہ روز 16 نئے ڈاکٹرز کو بھرتی کر لیا گیا جس میں جنرل ہسپتال میں 5،شیخ زید رحیم یار خاں 5 ،سروسز لاہور1 اور عزیز بھٹی ہسپتال گجرات میں 5 ڈاکٹرز شامل ہیں ۔تفصیلات کے مطابق مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ہسپتالوں کی انتظامیہ کی طرف سے سینئر ڈاکٹرز کے ذریعے معاملات چلانے کی کوششیں جاری ہے۔ نئے ڈاکٹرز بھرتی کرنے کےلئے درخواستیں طلب کرلی ہیں پوسٹ گریجوایشن کرنے کے خواہشمند ڈاکٹرز آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں محکمہ ہیلتھ نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو پی جی شپ کے لئے درخواستیں بدھ تک فائنل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ینگ ڈاکٹرز کی مسلسل چھٹے روز ہڑتال، غیرحاضری پر مزید 9 ڈاکٹر تبدیل
Aug 07, 2017