گوجرانوالہ+سرگودھا (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ دمادم مست قلندر نہیں کرنا‘ ملک کو آگے لیکر چلنا ہے۔ ملک کا عوامی وزیراعظم نوازشریف ہے۔ نوازشریف پہلے موٹروے کے ذریعے آرہے تھے مگر اب جی ٹی روڈ کے ذریعے آرہے ہیں۔ سازشیں‘ دھرنے‘ الزام اور فیصلے نوازشریف کا راستہ نہیں روک سکتے۔ نوازشریف ہمارے دلوں کی دھڑکن ہیں، جو ملک پر قبضہ کرتے ہیں‘ احتساب صرف نوازشریف کا ہو‘ یہ ہمیں قبول نہیں، محاذآرائی کسی کے ساتھ نہیں کرنی۔ جو ملک پر قبضہ کرتے ہیں‘ آئین توڑتے ہیں‘ پھر انہیں تحفظ ملتا ہے، جمہوریت کا مذاق اڑانے والوں کا بھی حساب ہوگا، سیاستدانوں کو رسوا اور منتخب وزیراعظم کو نکال دیا جاتا ہے۔ ہر وزیراعظم کے ماتھے پر چور لکھ دو‘ یہ فیشن نہیں چلے گا۔ لوگوں کے ووٹ کی توہین برداشت نہیں کی جا سکتی۔ پہلی اور دوسری بار مدت پوری نہیں کرنے دی گئی۔ نوازشریف کو تیسری بار عوام نے منتخب کیا پھر نکال دیا گیا۔ عوامی فیصلوں کو سازشوں سے بدلانہیں جا سکتا۔ نوازشریف شیر نہیں ببر شیر ہیں۔ جب ببر شیر نکلتا ہے تو گیدڑ بھاگ جاتا ہے۔ عمران خان جب گوجرانوالہ آیا تو اسے جوتے پڑے اور جب نوازشریف گوجرانوالہ آئیں گئے تو ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی صدر یوتھ ونگ اور وزیر مملکت توانائی عابد شیر علی نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری کاشف رندھاوا، سٹی صدر شعیب بٹ اور سیکرٹری جنرل شاہد کھوکھر بھی موجود تھے۔ عابد شیر علی نے کہا ڈکٹیٹر پرویز مشرف نے عدالتی فیصلوں کو نہیں مانا مگر نواز شریف نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا اور عدالتی فیصلے کو مانا مگر عوام عدالتی فیصلے کو ماننے کو تیار نہیں۔ پاکستان سے دہشت گردی ختم کرنے کا کریڈٹ بھی میاں محمد نواز شریف کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان تمہاری ریلیاں ختم اور ہمارے ریلے شروع ہو گئے۔ نواز شریف کا تاریخی استقبال ہو گا۔ میاں نواز شریف کا قصور کیا ہے جو اس کو نا اہل کیا گیا کیا اس کا قصور یہ ہے کہ اس نے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا یا اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری لے کر آیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام پارٹیوں کی ٹانگیں ہماری ریلی کے اعلان سے کانپ رہی ہیں۔ ٹی وی کی سیاست کرنے والے اب جمہوریت کی بساط لپیٹنے کی گمراہ کن باتیں کر کے عوام کو بے وقوف بنانا چاہتے ہیں۔