کراچی (وقائع نگار) سپریم کورٹ کے احکامات پر قائم واٹر کمیشن نے سندھ میں پانی کی فراہمی و نکاسی آب کی ابتر صورت حال پر میرپور خاص‘ سکھر اور دیگر اضلاع کی پانی اسکیموں کو جلد فعال بنانے کا حکم دیدیا۔ کمیشن سربراہ نے واٹر ٹینکر فراہمی کے متعلق کال وصول نہ کرنے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ پیر کو سندھ ہائیکورٹ میں واٹرکمیشن نے صوبے میں پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کی صورتحال کے حوالے سے سماعت کی‘ کمیشن نے ایم اے جناح روڈ پر پانی جمع ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ واٹر کمیشن سربراہ نے ریمارکس دئیے کہ جب ہم نے ہی نشاندہی کرنی ہے تو انتظامیہ گھر بیٹھ جائے۔ واٹر کمیشن سربراہ نے واٹر بورڈ کی جانب سے قائم پانی کا ٹینکر فراہمی کے متعلق بھی تحفظات کا اظہار کیا انہوں نے کہاکہ شہری گھنٹوں کال کرتے ہے مگر انتظامیہ فون وصول نہیں کرتی۔ کمیشن سربراہ نے حکم دیا کہ اپنے سینٹر کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ کمیشن سربراہ نے اندرون سندھ میں پانی اسکیموں کو فعال نہ بنانے پر انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ اسکیموں کے اطراف نہ صفائی کا انتظام ہے اور نہ ہی اسکیموں کو فعال بنایا جارہا ہے کئی لوگ بغیر فلٹریشن پانی پینے پر مجبور ہے جس سے شہری بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
واٹر کمیشن
واٹرکمیشن: میرپور خاص‘ سکھر اور دیگر اضلاع کی پانی اسکیموں کو جلد فعال بنانے کا حکم
Aug 07, 2018