واشنگٹن(این این آئی)امریکہ میں 2016ء کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں مبینہ طور پر مداخلت سے متعلق ایک بیان پر امریکا نے اپنے ہاں متعین قائم مقام روسی سفیر کو طلب کرکے سخت احتجاج کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان ھیذر ناورٹ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ قائم مقام روسی سفیر دیمتری جیرنوف کو وزارت خارجہ میں طلب کرکے 2016ء کے انتخابات میں مداخلت سے متعلق ان کے بیان پر احتجاج کیا گیا۔ ناورٹ نے بتایا کہ وزارت خارجہ کے معاون ویس میچل نے کریملن کے قائم مقام سفیر کو ان کے سوشل میڈیا پر پوسٹ ایک بیان پر وضاحت کے لیے طلب کرکے ان سے سخت الفاظ میں احتجاج کیا ۔خاتون ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ملک ہمارے معاملات میں مداخلت کرتا ہے تو ہم اسے معاف نہیں کریں گے۔خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر قائم مقام روسی سفیر کا ایک بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے انتخابات کے دوران امریکہ میں افراتفری پھیلانے، پھوٹ ڈالنے اور تشدد کو ہوا دینے کا اعتراف کیا تھا۔امریکہ اور روس کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دیگر محرکات کے ساتھ ساتھ سنہ 2016ء میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں مبینہ مداخلت ہے۔ اگرچہ صدر ٹرمپ اپنے خفیہ اداروں کے ان دعوؤں کو تسلیم نہیں کرتے مگر یہ کشمکش دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی کا موجب ہے۔
امریکہ‘ احتجاج