تہران (صباح نیوز) ایران کی مسلح افواج کے سینیئر ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کے سوا کسی کو بھی آبنائے ہرمز کی سلامتی کے بارے میں بات کرنے کا حق حاصل نہیں ہے۔ پیر کے روز تہران میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کی مسلح افواج کی سینئر ترجمان بریگیڈئر ابوالفضل شکارچی نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز کی سلامتی کا ایران سے براہ راست تعلق ہے اور اس علاقے میں ایران کے تمام تر اقدامات کا مقصد اس آبی گزرگاہ کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔ بریگیڈئرابوالفضل شکارچی نے کہا کہ خطے کے طاقتور ملک کی حثیت سے اسلامی جمہوریہ ایران آبنائے ہرمزکی سلامتی کا ضامن ہے بنا برایں کسی کو بھی اس علاقے کی سلامتی کے بارے میں باتیں کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ایران کی طاقت سے اچھی طرح واقف ہے اور اس سے خوفزدہ بھی ہے۔قابل ذکر ہے کہ صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے بھی اکیس جولائی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ پوری تاریخ میں ایران ہی علاقائی آبی گزرگاہوں کی سلامتی کا محافظ رہا ہے بنا برایں امریکہ شیر کی دم سے نہ کھیلے کیونکہ ایران کا ردعمل انتہائی سخت ہوگا۔
آبنائے ہرمز کی سلامتی ایران کے ذمہ ہے:ترجمان ایرانی افواج
Aug 07, 2018