ڈھاکہ (اے ایف پی) بنگلہ دیش میں 2 طلبا کی ٹریفک حادثے میں ہلاکت کے خلاف شدید احتجاج کے بعد حکومت روڈ ایکسڈنٹ کے ذمہ داروں کو سزائے موت دینے پر غور کررہی ہے۔بنگلہ دیشی وزارت قانون کا کہنا ہے کہ پیر کو کابینہ میں ٹریفک قوانین میں ترمیم اور جان لیوا حادثات کے ذمہ داروں کو سزائے موت دیے جانے کا معاملہ زیرِ غور لایا جائے گا۔برطانوی اخبار انڈی پینڈ نٹ کے مطابق ڈھاکا میں تیزرفتار بس کی زد میں آکر 2 طلبا کی ہلاکت سے شروع ہونے والا ہزاروں طلبا کا احتجاج پیر کو نویں روز میں داخل ہوگیا ہے۔حادثے کے باعث بنگلہ دیشی اسکولوں اور کالجوں کے ہزاروں طلبا نے ملک میں ٹرانسپورٹ کے قوانین تبدیل کرنے پر زور دیا تھا، 9 روز سے جاری اس احتجاج نے گنجان آباد شہر ڈھاکا کو مفلوج کرکے رکھا ہوا ہے۔وزارت قانون کے حکام کے مطابق ٹریفک قوانین سے متعلق بل میں تجویز پیش کی گئی کہ جان لیوا حادثات میں سخت ترین سزا دی جائے گی۔بنگلہ دیش میں ٹریفک حادثات میں ہلاکت کی سزا فی الحال تین سال قید ہے، روڈ ایکسیڈنٹ کے لیے پھانسی کی سزا دنیا بھر میں بہت کم ہے۔ڈھاکہ کے ٹرانسپورٹ حکام نے مختلف ممالک میں ٹریفک حادثات پر سزاؤں کی فہرست ترتیب دی ہے جس میں برطانیہ میں سب سے زیادہ 14 سال اور بھارت میں سب سے کم 2 سال قید کی سزا ہے۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں ٹرانپسورٹ قوانین کے خلاف طلبا کا احتجاج اس وقت شروع ہوا جب 29 جولائی کو ایک تیز رفتار بس نے بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں 2 طلبا کو کچل دیا تھا۔