اسلام آباد(نعمان اصغر)ایف ایٹ میں قائم اسلام آباد کچہری سیکیورٹی رسک بن چکی ہے ،کچہری کے آٹھ داخلی و خارجی دروازوں پر لگے سیکیورٹی کیمرے تقریباً خراب ہو چکے ہیں ،واک تھرو گیٹ بھی ٹھیک طرح سے کام نہیں کرتے ،سیکیورٹی اہلکار عوام کی رش کی وجہ سے ہر آنے جانے والے پر نظر نہیں رکھ سکتے ۔وفاقی دارالحکومت ایف ایٹ میں قائم اسلام آباد کچہری میں سیکیورٹی کے انتہائی ناقص انتظامات ہونے کی وجہ سے کوئی بھی سانحہ رونما ہوسکتا ہے ،داخلی و خارجی دروازوں پر لگے سیکیورٹی کیمرہ بھی نگرانی نہ ہونے کی وجہ سے ٹھیک طرح کام نہیں کر رہے جس سے سیکورٹی اہلکار کسی بھی مشکوک شخص پر باقاعدہ نظر نہیں رکھ سکتے ،اسلام آباد کچہری میں دن کے وقت عوام کا جم غفیر ہونے سے سیکیورٹی اہلکار ہر فرد پر نظر نہیں رکھ سکتے اور کوئی بھی مشکوک شخص با آسانی اندر داخل ہو سکتا ہے،گیٹ پر موجود سیکیورٹی اہلکار بھی دن بھر سستاتے رہتے ہیں اور واک تھرو گیٹ بھی اعلیٰ قسم کے نہیں ہیں جس وجہ سے کوئی بھی ناگہانی صورتحال پیش آسکتی ہے ۔کچہری میں عوام کے علاوہ معزز جج صاحبان اور وکلاء خضرات کی ایک بڑی تعداد موجود رہتی ہے جو اپنے معمول کے کام میں مصروف رہتے ہیں اور کوئی بھی انتہا پسند با آسانی سے اپنے گھنائونے مقصد میں کامیاب ہو سکتا ہے ،ععوام نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ اس سے پہلے کے کوئی سانحہ پیش آئے کچہری کی سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر کیا جائے تا کہ کوئی بھی ناگہانی صورتحال پیش نہ آسکے ۔اس کے علاوہ کچہری میں سائلین کو بیشمار مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہاں موجود کینٹین میں انتہائی ناقص کھانا پیش کیا جاتا ہے اور شہری وہی کھانا کھانے پر مجبور ہیں اس کے علاوہ کچہری میں سائلین کے بیٹھنے کے لئے لگائے جانے بینچ بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکا ر ہیں اور سائلین زمین پر بیٹھنے پر مجبور ہیں ،گرمی کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ فی الفور کچہری کے مسائل کو حل کیا جائے تاکہ سائلین سکھ کا سانس لیں سکیں اور موجودہ دور میں مو جود سیکیورٹی جیسے خطرات سے بے خوف ہو کر اپنا کام جاری رکھ سکیں۔