پاکستان آرمی اور ہوبارہ فاؤنڈیشن کا مشترکہ بیج کا فضائی بکھیر برائے بحالی مسکن

لاہور (پ ر) پاکستان آرمی اور ہوبارہ فاؤنڈیشن انٹر نیشنل پاکستان نے صحرائے چولستان میں صحرائی نباتات کے بیج کا فضائی بکھیر کیا۔ ہوبارہ فاؤنڈیشن کے منصوبہ برائے بحالی مسکن کا یہ مسلسل اکیسواں سال تھا۔ پاکستان آرمی اس منصوبہ میں اہم ساتھی ہونے کے سبب صحرائی نباتات میں اضافہ کے لئے ہوبارہ فاؤنڈیشن کو ہر سال چھوٹا جہاز مہیا کرتی ہے۔ صحرائے چولستان، وسط ایشیاء سے ہر سال نقل مکانی کرنے والے ہوبارہ بسٹرڈ (تلور) کا پسندیدہ مسکن ہے۔ کاشتکاری، بڑھتی ہوئی انسانی سرگرمیوں اور مقامی آبادی کے مویشیوں نے مسکن کی حالت اس قدر خراب کر دی ہے کہ جنگلی جانوروں اور پرندوں کو مناسب مقدار میں مرغوب غذا نہ ملنے کی بنا پر جنگلی حیات اور ماحولیات میں تیزی سے تنزلی ہو رہی ہے۔ ہوبارہ فاؤنڈیشن نے ماحولیات کا توازن بحال کرنے کے لئے فوری اقدامات کا فیصلہ کیا جو صحرائی نباتات کے بیج کے فضائی بکھیر سے ہی ممکن ہے۔ اس سال ہوبارہ بسٹرڈ کی پسندیدہ خوراک کے پودوں کے 131 کلو گرام بیج فضا سے بکھیرے گئے۔ اس طرح اکیس سالوں میں 2257 کلو گرام بیج صحرائے چولستان پر بکھیرے جا چکے ہیں۔ مسکن کا سالانہ جائزہ حوصلہ افزا اور نباتات کی بڑھتی ہوئی تقویت کی طرف مائل نظر آتا ہے۔ مسکنوں کی مکمل بحالی طویل کام ہے، تاہم پاکستان آرمی کے مسلسل تعاون سے ہوبارہ فاؤنڈیشن بگڑے ہوئے ماحولیاتی توازن کو درست کرنے اور جنگلی حیات کی نسلوں کی بحالی کا مصمم ارادہ رکھتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن