پولیو مہم کا آغاز ،پینتالیس لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) ملک کے مختلف اضلاع میں پیر سے پولیو مہم کا آغاز ہوگیا۔ پولیو وائرس کی روک تھام کیلئے انسداد پولیو مہم 10 اگست تک جاری رہے گی۔ مہم سے رہ جانے والے بچوں کو 11 اور 12 اگست کے لئے خصوصی مہم بھی چلائی جائے گی۔ پنجاب، سندھ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے منتخب انتہائی حساس اضلاع میں پولیو کے خاتمے کی مہم تین روز جاری رہے گی۔ 5 روزہ انسداد پولیو مہم میں 5 سال سے کم 36لاکھ 27ہزار بچوںکو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پنجاب میں یہ مہم لاہور، راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ، راجن پور، فیصل آباد، ملتان، رحیم یار خان اور بہاولپور کے اضلاع میں چلائی جائے گی۔خیبرپختونخوا میں مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے تقریباً پینتالیس لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔اسی طرح بلوچستان میں پانچ سال تک کی عمر کے سترہ لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔سندھ کے مخصوص اضلاع میں بھی پانچ سال تک کی عمر کے ہربچے کوپولیو کے قطرے پلانے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کیلئے خصوصی سکیورٹی اقدامات کئے گئے ہیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں اسلام آباد انتظامیہ اور وفاقی ترقیاتی ادارہ(سی ڈی اے)کے زیر اہتمام4روزہ انسداد پولیو مہم(آج)پیر6اگست سے شروع ہو گئی جو 9اگست تک جاری رہے گی، چیف کمشنر جودت آیاز اور ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر پولیو مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر روٹری انٹرنیشنل کے نمائندے مسٹر پیٹر اور مس کیرول، عالمی ادارہ صحت کی نمائندہ مس سینڈی اور ڈاکٹر وینڈی، نیشنل ای او سی اور ضلعی انتظامیہ کے افسران موجود تھے۔ انھوں نے بتایا کہ پولیو مہم کے دوران مجموعی طور پر پانچ سال سے کم عمر کے3لاکھ37ہزار339بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔گھر گھر پولیو ویکسین کی فراہمی کی100فیصد کوریج کو یقینی بنانے کے لئے اسلام آباد کو60زونز میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ مقررہ ہدف کو پورا کرنے کے لئے کل1461 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 1281 موبائل ، 107فکسڈ اور73ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور ان پر309ایریا انچارج مقرر کئے گئے ہیں۔ ایریا انچارج کی نگرانی کے لئے60زونل سپروائزرز بھی مقرر کئے گئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن