کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روزپیرکوکاروبار حصص میںاتارچڑھائو کے بعد تیزی رہی اورتیزی کے سبب کے ایس ای 100 انڈیکس کی42600،42700اور42800 کی نفسیاتی حدیں بحال ہوگئیں۔کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت24.23فیصدکم رہیں جبکہ54.93فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔مارکیٹ سرمایہ میں19ارب73کروڑ روپے سے زائدکااضافہ ہوا ،۔نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روزفروخت کے دبائو اور پرافٹ ٹیکنگ کے سبب کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس 42452پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی دیکھا گیاتاہم بعدازاںحکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنزکی جانب سے بینکنگ ، توانائی،فوڈ،کیمیکل،سیمنٹ اور دیگر سیکٹر میں خریداری کے باعث مندی کے اثرات زائل ہوگئے ۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس42852پوائنٹس کی سطح پربھی ریکارڈ کیا گیاتاہم امریکی وزیر خارجہ کے پاکستان کو آئی ایم ایف پروگرا م کے حوالے سے بیان اور ایک بارپھر پاکستانی روپے کی قدرمیں دباؤ بڑھنے کے باعث مقامی سرمایہ کار گروپوں نے سرمایہ کاری سے گریزکیا،جس کے سبب کے ایس ای 100 انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکاتاہم اتارچڑھائوکا تسلسل سارا دن جاری رہا۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس303.61پوائنٹس اضافے سے42808.66پوائنٹس پر بند ہوا۔کے ایس ای 30 انڈیکس167.59پوائنٹس اضافے سے21179.74پوائنٹس،کے ایم آئی30انڈیکس816.62پوائنٹس اضافے سے73400.69پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس69.72پوائنٹس اضافے سے30945.14پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مجموعی طور پر375کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے206کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ،160کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ9کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں19 ارب73 کروڑ57لاکھ 94 ہزار279 روپے کااضافہ ریکارڈ کیاگیاجبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر87کھرب63 ارب94 کروڑ46 لاکھ 84 ہزار 159 روپے ہوگئی۔ پیرکو مجموعی طور پر15 کروڑ38 لاکھ14 ہزار580 شیئرزکاکاروبارہوا،جوجمعہ کی نسبت 4کروڑ 92 لاکھ 12ہزار660 شیئرز زائد ہے۔