معاشرے میں مطالعے کے فروغ کیلئے پبلک لائبریریز کا کردار قابل تحسین ہے: طاہر یوسف

Aug 07, 2018

لاہور (پ ر) معاشرے میں مطالعے کو فروغ دینے میں چغتائی پبلک لائبریری جیسے اداروں کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری آرکائیوز اینڈ لائبریریز پنجاب طاہر یوسف نے چغتائی پبلک لائبریری کے دورے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے لیڈیز اینڈچلڈرن سیکشن،کمپیوٹرلیب سمیت لائبریری کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا۔صوبائی سیکرٹری نے چغتائی پبلک لائبریری کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر اے ایس چغتائی، ڈاکٹر مریم چغتائی اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ جیل روڈ پرنہر کنارے واقع یہ لائبریری اور شہر کے مختلف حصوں میںقائم پانچ ریڈنگ رومز علمی ذوق رکھنے والے شہریوں بالخصوص نوجوان نسل کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر نجی ادارے، کمپنیاں اور صاحب ِ استطاعت افراد بھی لائبریریز کے قیام کے لیے قدم اٹھائیں، محکمہ آرکائیوز اینڈ لائبریریز نجی لائبریریزکے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے۔ لائبریری کنسلٹنٹ ریحانہ کوثر اور لائبریرین اشرف فیضی نے سیکرٹری لائبریریز کو بریفنگ میں بتایا کہ لائبریری میں اٹھارہ ہزار سے زائد کتب، لائبریری ممبر زکے استعمال کے لیے لیپ ٹاپ کمپیوٹرز موجود ہیں، ممبرز کو تین وقت چائے بھی پیش کی جاتی ہے اور یہ تمام سہولیات کسی منافع کے بغیر فراہم کی جارہی ہیں۔

مزیدخبریں