لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا الٹی میٹ فائٹنگ کلب اینڈ جم دنیا بھر میں پاکستان کا سوفٹ امیج متعارف کرانے کے ساتھ نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی منفی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی میں بھی مددفراہم کریگا۔ یہ بات گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں یو ایف سی جم کی تعارف تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ اس موقع پر یو ایف سی جم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راو شہزاد نواز سمیت دنیا کے عالمی شہرت یافتہ فائٹرز جن میں کرسٹوفر(ورلڈ چیمپئن)، ایڈی، مصر کے خالد رمسے، امریکہ کی خاتون فائٹر مرسڈیز اور دبئی سے ابراہیم کے علاوہ پاکستان کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے۔ والی شخصیات میں سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق، گلوکار ابرار الحق فلم سٹار معمر رانا بھی تقریب میں بطور مہمان گرامی شریک ہوئے۔ گورنر پنجاب نے یو ایف سی کی انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہانہوں نے پاکستان کا دنیا میں سوفٹ امیج متعارف کرانے کے لیے جو اقدام شروع کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ ابرار الحق کا کہنا تھا کہ یو ایف سی جم کے قیام سے پاکستان میں نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایسے فٹنس جم کی اشد ضرورت تھی جو پاکستان میں لوگوں کو اپنا فٹنس لیول بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔ یو ایف سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راو شہزاد نواز کا کہنا تھا کہ لاہور کے بعد پاکستان میں 35 سے زائد مقامات پر یو ایف سی جم کی برانچز قائم کی جائیں گی جس سے ہم مستقبل میں بین الاقوامی سطح پر اچھے فائٹر تیار کرنے میں مدد ملے گی۔ پاکستان کھیلوں سمیت ہر شعبہ زندگی میں ایک محفوظ ملک ہے۔ کوشش ہوگی کلب کے لیے پاکستان کے بہترین فائٹر تیار کیے جائیں جو انٹرنیشنل سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں۔ یو ایف سی لوگو اور عالمی شہرت یافتہ فائٹر کرسٹوفر کے دستخطوں پر ٹی شرٹس تقسیم کی گئیں۔