اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی) تحریک نفاذفقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی ترجمان نے کوئٹہ مشن روڈحیدری مارکیٹ میں بم دھماکے کی مذموم کاروائی کو شیطانی سرغنے کے پٹھو ازلی دشمن کی پاکستان مخالف گھنائونی سازش کاتسلسل قرار د یتے ہوئے کہاہے کہ دہشتگردی استعماری سرغنے کی ضرورت جوپاکستان کی سلامتی اورترقی کواپنے مفادات کیلئے رکاوٹ اورسی پیک کو اپنی موت سمجھتا ہے جسکے لئے دہشتگردی جاری رکھنا اس کی اولین ترحیج ہے۔ہیڈکوارٹرمکتب تشیع ٹی این ایف جے سے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کو تنہا کرنے اور دوستوں کو دشمنوں میں تبدیل کرنے کیلئے پوری قوت صرف کی جا رہی ہے، پاکستان نے نائن الیون کے بعد فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا ، 75ہزار سے زائد جانوں کے نذرانے دیئے ، اربوں کھربوں کے نقصانات اٹھائے ، شہروں کے شہر تباہ ہوئے ، نیشنل ایکشن پلان مرتب کرکے ضرب عضب، رد الفساد آپریشن شروع کیا گیا ہے لیکن جب عالمی سرغنہ بھارت کو سچا دوست قراردیکراسکے ساتھ دفاعی معاہدے کر کے ہندوبنیے کو جدید ترین اسلحے سے لیس کرے گا تواسکا نتیجہ پاکستان میں قتل و غارت گری اور دہشتگردی کی صورت میں برآمد ہو گا، ترجمان نے حکومت ، اپوزیشن پرزوردیاکہ وہ ایک دوسرے کو زیر کرنے کی بجائے مشترکہ دشمن کے خلاف صف آراء ہو کر نیشنل ایکشن پلان کی ہر شق پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔