بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے تمام سفارتی،سیاسی اوربین الاقوامی قوانین کو پامال کیا ہے:عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پوری قوم کی آواز ہے اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے حوالے سے بھارت کے متنازعہ اقدام پر وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی قوم کی ترجمانی کا حق ادا کیا ہے اوروزیراعظم عمران خان نے دنیا کے سامنے بھارت کی مکاری کا پردہ فاش کیا ہے۔ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا کوامن کا پیغام دیا ہے اور سچ یہ ہے کہ ہرصاحب ضمیر بھارتی بھی مودی سرکار کے غیر جمہوری اور گھنائونے اقدام پر شرمندہ ہے اورمقبوضہ کشمیر کے بارے میں بھارت کا تعصب دنیا کے سامنے ایک بار پھر بے نقاب ہوگیا ہے۔ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے تمام اخلاقی،سفارتی،سیاسی اوربین الاقوامی قوانین کو پامال کیا ہے اورمودی سرکارنے یہ متنازعہ اقدام کر کے علاقائی سلامتی اورامن کو خطرے میں ڈال دیا ہے ۔بھارت ہٹ دھرمی کی تمام حدیں پار کرچکا ہے ۔انہوںنے کہاکہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے اورہم کشمیری عوام کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور کھڑے رہیںگے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو پاکستان کی مسلح افواج منہ توڑ جواب دے گی اورپوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔انہوںنے کہاکہ اقوام عالم کے ضمیر کو اب جاگنا پڑے گااوربین الاقوامی برادری کو بھارت کے غیر قانونی ،غیر جمہوری اورغیر آئینی اقدام پر فوری نوٹس لینا چاہیے۔بھارت یہ جان لے کہ وہ ظلم و ستم اورمتنازعہ اقدام کے ذریعے کشمیری عوام کی تحریک آزادی کودبا نہیںسکتا۔ہندوستان نہتے کشمیریوں پر جتنا چاہے ظلم کر لے وہ ان سے آزادی کا پیدائشی حق کبھی نہیں چھین سکتا ۔بھارت کی ظلم و تشدد کی پالیسی نے کشمیری عوام کے دلوں میں آزادی کی تڑپ کو مزید جلا بخشی ہے۔ کشمیری عوام کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اورمقبوضہ کشمیر کی آزادی کی صبح شہدائے کشمیر کے خون سے طلوع ہوگی۔

ای پیپر دی نیشن