اسلام آباد+ واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی ارکان کانگریس نے بھارتی حکومت کو خط لکھ کر غیر قانونی زیر تسلط کشمیر میں عائد غیر قانونی پابندیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جبکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی غیر قانونی محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین ایلیٹ اینجل اور ہوم لینڈ سکیورٹی کمیٹی کے سابق چیئرمین مائیکل میک کال نے غیر قانونی زیر تسلط وادی میں پابندیوں کے حوالے سے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کو خط لکھا ہے۔ ری پبلکن اور ڈیموکریٹس کے اہم ارکان نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019ء کو آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد سے اب تک وادی میں حالات معمول پر نہیں آئے۔ خط میں کشمیر میں انسانی آزادیوں اور جمہوری اقدار پر عمل یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارتی غیر قانونی قبضے والے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کا ایک سال مکمل ہونے پر مطالبہ کیا ہے کہ بھارت فوری طورپر جموں و کشمیر کا طویل غیر قانونی محاصرہ ختم کرے۔ بھارت وادی کشمیر کے گرفتار سیاسی رہنماؤں‘ صحافیوں اور سماجی کارکنوں کو رہا کرے۔ جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ کی سہولیات بھی بحال کی جائیں۔ بھارت جیلوں کو خالی کرے۔ صحافیوں پر ہونے والے حملوں کی فوری تحقیقات کرائے۔ گزشتہ ایک سال میں بھارت نے منظم انداز میں کشمیریوں پر انصاف کا ہر راستہ بند کر دیا۔ کشمیریوں کی آواز دبانے کیلئے ایک سال سے وادی میں انٹرنیٹ‘ مقامی میڈیا پر پابندی لگائیں گئیں۔ بھارت کشمیریوں کے اظہار رائے کی آزادی چھین کر عالمی قوانین کی سنگین خلاف وزریاں کر رہا ہے۔ وادی کی اصل صورتحال دنیا سے چھپانے کیلئے بھارت نے کشمیر میں بھیانک میڈیا پالیسیاں نافذ کیں۔ بھارت فوری طور پر جموں و کشمیر میں نافذ نئی میڈیا پالیسی کو معطل کرے۔