اسلام آباد‘ نیویارک ( خصوصی نمائندہ +نوائے وقت رپورٹ ) پاکستان میں کرونا وائرس کی صورتحال ہر گرزتے دن کے ساتھ بہتری کی جانب گامزن ہے اور ملک میں 90 فیصد مریضوں کے صحتیاب ہونے سے فعال کیسز کی تعداد 20 ہزار تک رہ گئے۔ ملک میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 82 ہزار 249 ہے جس میں سے 2 لاکھ 56 ہزار 58 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 40 لقمہ اجل بنے ہیں۔6 اگست تک ملک میں کرونا کی وبا نے مزید 322 افراد کو متاثر کیا جبکہ 14 افراد کی جان لے لی، تاہم ایک ہزار 772 مریض صحتیاب بھی ہوئے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ کرونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 386 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 22 ہزار 759 ہوگئی۔ کرونا سے مزید 5 متاثرین جاں بحق ہوگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاک شدگان کی تعداد 2 ہزار 250 ہوگئی۔ پنجاب میں کرونا وائرس مزید 276 افراد کو متاثر اور 5 افراد کی جان لے لی۔ مجموعی کیسز کی تعداد 93 ہزار 847 ہوگئی۔ مجموعی اموات 2 ہزار 162 تک جاپہنچیں۔کرونا وبا نے اسلام آباد میں مزید 19 افراد کو متاثر کیا۔ مجموعی کیسز 15 ہزار 141 تک پہنچ گئے۔ گلگت بلتستان میں مزید 16 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔ کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 234 تک پہنچ گئی۔آزاد کشمیر جو اب تک اس وائرس سے سب سے کم متاثر ہوا ہے وہاں نئے کیسز میں 11 کا اضافہ ہوا۔ مجموعی کیسز 2 ہزار 116 تک پہنچ گئی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 1 ہزار 772 مریض صحتیاب ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 56 ہزار 58 ہوگئی جو مجموعی کیسز کا 90 فیصد ہے۔ عالمی وبا کرونا وائرس کے باعث دنیا میں 7 لاکھ 11 ہزار 220 اموات ہوچکی ہیں اور 1کروڑ 89 لاکھ 76 ہزار 340 افراد متاثر ہوئے جبکہ 1 کروڑ 21 لاکھ 65 ہزار 594 مریض شفایاب ہوئے۔ امریکہ میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 49 لاکھ 73 ہزار 568 ہو گئی اور اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 61 ہزار 601 تک پہنچ چکی ہے۔ برازیل میں 28 لاکھ 62 ہزار سے زائد افراد کرونا سے متاثر ہیں اور 97 ہزار 418 اموات ہوئی ہیں۔ بھارت کرونا وائرس سے متاثر ہونے والا تیسرا بڑا ملک ہے جہاں مریضوں کی تعداد 19 لاکھ 63 ہزار سے زائد ہے اور 40 ہزار 739 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ روس میں کرونا سے 8 لاکھ 66 ہزار 627 افراد متاثر ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد 14 ہزار 490 ہو گئی۔جنوبی افریقہ میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 9 ہزار 2 سو سے بڑھ گئی ہے جبکہ 5 لاکھ 29 ہزار 877 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔ پیرو میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 20 ہزار سے زائد ہو گئی جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد 4 لاکھ 47 ہزار سے زائد ہے۔میکسیکو میں چار لاکھ 56 ہزار 100 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے اور 49 ہزار 6 سو سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔کرونا وائرس سے چلی میں تین لاکھ 64 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں اور 9 ہزار 792 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔سپین میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 28 ہزار 499 ہو گئی جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 52 ہزار سے زائد ہے۔
کرونا : 90فیصد مریض شفایاب ، فعال کیس 20ہزار رہ گئے، مزید 14اموات
Aug 07, 2020