نرخوں میں خودساختہ اضافے پر سخت برہمی، آٹے ، چینی کی دستیابی، تعطل برداشت نہیںکرونگا: عثمان بزدار

Aug 07, 2020

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آٹے اور چینی کے نرخوں میں خود ساختہ اضافے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور محکمہ خوراک اور انتظامیہ کو آٹا و چینی کے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ آٹے اور چینی کی قیمت میں خود ساختہ اضافہ کرنیوالوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے آٹے اور چینی کی سپلائی کو بہتر بنانے اور مقررکردہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک آٹے اور چینی کی مناسب سپلائی کو ہر قیمت پر یقینی بنائے اور بازاروں میں آٹے اور چینی کی دستیابی نوٹیفائیڈ ریٹ پر یقینی بنانے کیلئے انتظامی اقدامات کئے جائیں۔ آٹے اور چینی کی دستیابی میں کسی قسم کا تعطل برداشت نہیں کروں گا۔ صوبہ بھر میں سرکاری نرخ سے زیادہ چینی اور آٹا فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عثمان بزدار نے مون سون سیزن میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ضروری حفاظتی انتظامات جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ہے اور سیکرٹری آبپاشی کو ہدایت کی کہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے منظور شدہ پلان کے تحت ہر ضروری اقدام کیا جائے۔ ایس او پیز کے تحت پیشگی حفاظتی انتظامات اور دیگر ضروری انتظامات کوفی الفور حتمی شکل دی جائے۔ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر درکار آلات، مشینری اور انسانی وسائل کا ممکنہ سیلاب کے انتظامات میں غفلت ہر گزبرداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے مختلف علاقوں کے دورے کریں گے۔ عثمان بزدار سے وزیراعظم کے معاون خصوصی یوتھ افیئرز محمد عثمان ڈار اورصوبائی وزیر محمد اخلاق نے ملاقات کی جس میں ٹائیگرز فورس ڈے کے انعقاداور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 9 اگست کو صوبہ بھر میں ٹائیگرز فورس ڈے بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔ ٹائیگرز فورس ڈے پر پنجاب بھر میں شجر کاری مہم کی 520 تقریبات  ہوں گی۔ پاکستان نے سفارتی اور سیاسی محاذ پر تنازع کشمیر کو اجاگر کیا ہے۔ بھارت کو پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان اور پاکستانی قوم پوری قوت کے ساتھ کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ دنیا میں سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت کے دعویدار بھارت نے غیرقانونی قبضے والے مقبوضہ کشمیر میں جمہوری اقدار کا خون کیا۔

مزیدخبریں