لاہور:گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ کرنیوالوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ ملک کو عدم استحکام کا شکار کر نیوالوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مضبوط ہے۔کسی دبا ئومیں آنیوالے نہیں۔ تمام حکومتی سٹیک ہولڈرز ایک پیج پر اور ملک و قوم کو مضبو ط کر رہے ہیں۔ عوام کی خدمت سے بڑھ کر حکومت کی کوئی اور ترجیح نہیں۔ اداروں میں اصلاحات کے لیے پہلی بار کوئی حکومت کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کو کرپشن اور سیاسی مداخلت سے پاک کر رہے ہیں۔سلامتی کونسل کا مسئلہ کشمیر دوبارہ زیر غور لانا سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی ہے، پاکستان سفارتی سمیت ہر محاذ پر کامیابی کیساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق ہونا چاہئے ۔ بھارت نے نازی سیاست اور پیلٹ گن کا استعمال اسرائیل سے سیکھا ہے۔