10اگست سے ریستوران کے علاوہ شادی ہالز بھی کھولے جائیں۔پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن(نارتھ ریجن)

Aug 07, 2020 | 20:09

کامرس رپورٹر

(کامرس رپورٹر)  پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن(نارتھ ریجن) کے وائس چیئر مین چوہدری محمد فرغام نےحکومت  سے اپیل کی ہے کہ 10اگست سے ریستوران کے علاوہ شادی ہالز بھی کھولے جائیں۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پولٹری انڈسٹری Covid -19کرونا کی وجہ سے پہلے ہی بہت نقصان اٹھا چکی ہے۔ مرغی کا ریٹ پیداوری لاگت سے اکثر اوقات کافی کم ہونے کی وجہ سے پولٹری فارمرز بے حد پریشان ہیں ۔حکومت پاکستان نے لاک ڈاﺅن کو ختم کرتے ہوئے جو اعلانات کئے وہ قابل ستائش ہیں جس کے مطابق مارکیٹس، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، سینما گھر، تھیٹرز، جمز ،پبلک پارکس اور ریسٹورنٹس،بروز پیر 10 اگست سے کھول دیئے جائیں گے اور مارکیٹوں پر اوقات کارکی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے جس پر تمام تاجر برادری اور پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن وفاقی وزیر اسد عمر کی جانب سے 10اگست تک کاروبار کھولنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے۔مگر شادی ہالز نہ کھولنے پر سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ اگر ہوٹلز میں شادیوں کی اجازت دے دی گئی ہے تو شادی ہال میں شادی کی بھی اجازت نہ دینے کا کوئی جواز نہیں بنتا  جبکہ شادی ہالز کو 15ستمبر کو کھولنے کا اعلان کیا ہے جس کی پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن بھرپور مزاحمت کرتی ہے۔ کیونکہ مرغی کے گوشت کی کھپت کا 50فیصد انحصار شادی ہالز پر ہے اور جیساکہ آپ سب جانتے ہیں پولٹری کی صنعت پہلے ہی بے شمار مسائل میں گری ہوئی ہے جس کی وجہ سے پولٹری فارمرز تقریباً اپنا کاروبار بند کر چکے ہیں اور جو فارمرز اس وقت اپنا کاروبار چلا رہے ہیں ان کے حالات بہت ہی نا گزیر ہیں۔ پاکستان پولٹری ایسو سی ایشن کی حکومت پاکستان سے اپیل ہے کہ پولٹری کی صنعت کو مزید تباہی سے بچانے کے لئے شادی ہالز کو بھی 10اگست کو ہی کھولنے کی اجازت دی جائے۔ امید ہے حکومت ہماری التجا پر ضرو غور فرمائے گی۔ مزید برآن پولٹری انڈسٹری کو مکمل تباہی سے بچانے اور اس کے پیداواری عمل کو جاری رکھنے کے لئے اقدامات کرے .

مزیدخبریں