لاہور ( سپیشل رپورٹر ) پاکستان ٹیلی ویژن لاہور مرکز نے ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی یوم آزادی کی مناسبت سے خوبصورت اور رنگانگ پروگرام پیش کرنے کا اہتمام کیا ہے اور یہ سلسلہ یکم اگست سے جاری ہے۔ ان پروگرامز میں پاکستان اور تحریک آزادی سے متعلق معلوماتی پروگرامز، کوئز شوز، قائد اعظم محمد علی جناح اور مفکر پاکستان علامہ اقبال کی شخصیات کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرتے پروگرامز، مشاعرہ اور دیگر پروگرامز شامل ہیں جن میں وطن عزیز سے محبت کا اظہار کیا گیا ہے اور نوجوانوں کو حصول پاکستان کی جدوجہد سے متعلق معلومات دی گئی ہے۔تحریک پاکستان، مشاہیر اور ارض پاک سے متعلق معلوماتی کوئز میرا انعام پاکستان پروڈیوسر اظہر فرید کی پیشکش ہے۔ 25 منٹ دورانیے کے یہ تیرا پروگرامز یکم اگست سے پی ٹی وی ہوم پر روزانہ ساڑھے چھ بجے نشر کئے جارہے ہیں۔ معلوماتی کو ئز میں مختلف یونیورسٹیوں کے طلبا و طالبات حصہ لے رہے ہیں۔پچیس منٹ دورانیے کا پروگرام علامہ اقبال کی کہانی آغا قیصر عباس کی پیشکش ہے۔ارض پاک سے محبت کا اظہار کرنے کیلئے پچاس منٹ کا مشاعرہ بھی ریکارڈ کیا گیا ہے جسمیں ملک بھر سے شعراء کرام کشور حسین کو شاد اور آباد رکھنے کے لئے شعرو سخن کا سہار الیں گے۔کل پاکستان مشاعرہ پروڈیوسر اظہر فرید اور نعیم خان کی پیشکش ہے۔یوم آزادی کے حوالے سے پی ٹی وی لاہور مرکز کی براہ راست خصوصی ٹرانسمیشن کو بے حد سراہا جارہا ہے۔ ایک گھنٹہ دورانیہ کی لائیو ٹرانسمیشن کے میزبان وصی شاہ ہیں، قائد اعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال اور مشاہیر پاکستان کی زندگی کے پہلو، ملی نغمے اور اہم شخصیات سے گفتگو اس ٹرانسمیشن کے خاص سیگمنٹ ہیں۔یوم آزادی کی مناسبت سے پی ٹی وی کے علاقائی زبانوں کے چینل پی ٹی وی نیشنل کیلئے بھی خصوصی پروگرام تیار کئے ہیں جن میں لائیو پرگرام ساڈے نال اور اج دے مہمان کے خصوصی ایڈیشن شامل ہیں۔