لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے استعفے سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہی خاندان برطانیہ میں بیٹھ کر پاکستان کے عوام کو گمراہ کرنے میں مصروف تھا۔ ویزے میں توسیع نہ ملنا ثابت کرتا ہے کہ ظل سبحانی سرٹیفائیڈ جھوٹے ہیں۔ ظل سبحانی کے جھوٹ کا پردہ چاک ہوگیا ہے اور وزیر اعظم عمران خان کے موقف کی برطانیہ کے امیگریشن ڈیپارٹمنٹ نے تائید کر دی ہے۔ برطانیہ کی زمین ہر نئے آنے والے دن ان پر تنگ ہو رہی ہے۔ ن لیگ افراتفری اور انتشار کا شکار ہے۔ بہترین موقع ہے کہ بھگوڑے خاندان سمیت واپس آئیں اور اپنے کئے کا حساب دیں۔ ان خیالات کا اظہار فردوس عاشق اعوان نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ عوام وزیراعظم عمران خان کو اپنا مسیحا مانتے ہیں۔ وزیر اعلی عثمان بزدار ہر ضلع میں عوام کے حقوق کے ضامن بن کر ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکج کے ذریعے عوام کے دکھوں کا مداوا کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عون چوہدری کا استعفی دینا اور بیانیہ ٹی وی پر چلنا نامناسب اقدام ہے۔ پارٹی کے اندر پارٹی بنانے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔ لوگ تعینات بھی ہوتے ہیں ڈی نوٹیفائیڈ بھی ہوتے ہیں۔ عون چوہدری پارٹی کے اہم رکن ہیں اور ان کی پارٹی کے لئے خدمات ہیں۔ میں توقع کرتی ہوں کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے پارٹی سے رشتہ مضبوط بنائیں گے اور ایسی باتوں سے گریز کریں گے جس سے ان کے اور پارٹی کے درمیان خلیج مزید بڑھے۔ وزیراعظم کا فیصلہ ہمارے لئے مقدم ہے۔
ویزے میں توسیع نہ ملنا بتاتا ہے ظل سبحانی سرٹیفائیڈ جھوٹے: فردوس عاشق
Aug 07, 2021