اسلام آباد(نا مہ نگار)ہلالِ احمر کے چیئرمین ابرارالحق نے قوم سے اپیل کی ہے کہ خون کے عطیات دینے کیلئے آگے بڑھے، خون کے ضرورت مند سخت مشکل حالات سے گزر رہے ہیں۔ موجودہ وباء کی صورتحال میں خون کے عطیات کیلئے کیمپس نہیں لگائے جارہے، قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کیلئے نوجوان خون عطیہ کریں۔ ذرائع ابلاغ کو جاری اپنے بیان میں جناب ابرار الحق نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں لاکھوں لوگ کورونا وبا سے متاثر ہوئے ہیں، اِس وبا نے صحت ِ عامہ کے شعبہ جات کو بھی متاثر کیا ہے۔ ملک بھر میں ہزاروں افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں اور متعدد زندگیاں خون کی عدم فراہمی کے باعث مشکلات سے دوچار ہیں۔ اِن میں زیادہ تعداد لیوکیمیا، تھلیسیمیا، ہیموفیلیا، انیمیا کے مریضوں کی ہے۔ روڈ حادثات میں زخمی ہونے والے اور پیچیدہ آپریشن کے مراحل سے گزرنے والے لوگ عطیہ خون کے منتظر ہیں۔ ابرار الحق نے اِس امر کا اظہار کیا ہے کہ ہلالِ احمر ریجنل بلڈ ڈونر سنٹر معمول کے دِنوں میں 500سے 1000 تک خون کے عطیات ماہانہ جمع کرلیتا ہے مگر حالیہ وبائی صورتحال میں یہ تعداد انتہائی کم ہوچکی ہے۔ کورونا وبا کے بڑھتے ہوئے کیسوں کی شرح کے دوران مقامی سطح پر خون کے عطیات جمع کرنے کی مہم فعال نہ ہونے سے 90 فیصد خون کی سپلائی خطرات سے دوچار ہے۔