اٹک(نامہ نگار) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک رانا شعیب محمود نے پولیس لائنز اٹک میں محرام الحرام میں جلوس اور مجالس کے منتظمین سے میٹنگ کا انعقاد کیا ۔اس موقع پر اے ایس پی صدر سرکل محمد جواد اسحاق بھی ان کے ہمراہ تھے۔۔منتظمین سے مخاطب ہوتے ہوئے ڈی پی او اٹک کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے ایام اہل اسلام کے ہاں انتہائی مقدس ہیں اور اس مہینے کے تقدس اور تعظیم کا تقاضا یہ ہے کہ کہیں بھی نفرت،تشدد اور شر انگیزی کے پرچار کی اجازت نہ دی جائے اور اٹک پولیس اس امر کو ہر حال میں یقینی بنائے گی۔تمام منتظمین اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ کوئی بھی ذاکر یا عالم اپنی تقریر کے اندر کسی مذہب یا فرقہ کے بارے میں کوئی ایسی بات نہ کہے جو جذبات کے مجروح ہونے کا سبب ہو۔تمام مذاہب کے مقدسات کا احترام کرنا ہی اسلام کا درس ہے اور رسول اللہ ؐ نے عملی مثالیں دے کر امت مسلمہ کو اتحاد و یگانگت کا درس دیا ہے۔