کراچی(کامرس رپورٹر) وفاقی بجٹ برائے مال سال 2021-22 میں وفاقی حکومت کی جانب سے کئے گئے اعلان کے مطابق ایسے نان ٹیکس فائلر رہائشی صارفین جن کا بجلی کا بل 25,000 روپے سے زیادہ ہے ، ان پر 7.5فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس نافذ کیا جائے گا۔ اس ٹیکس کا اطلاق 01 جولائی 2021 سے پاکستان بھر میں ہوگا بشمول اس علاقے کے جہاں کے الیکٹرک سروس فراہم کرتا ہے۔ یہ ود ہولڈنگ ٹیکس صرف ان صارفین پر نافذ ہو گا جن کا نام فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری کی گئی ٹیکس جمع کروانے والوں کی فہرست میں نہیں ہو گا۔ رہائشی صارفین پر اس صورت میں یہ 7.5فیصد ٹیکس نافذ ہوگا اگر مالی سال کے دوران ان کا بل کسی بھی مہینے میں25,000 روپے یا اس سے زائد ہو گا۔ صنعتی اور تجارتی صارفین جن کا بل500 روپے سے 20,000 کے درمیان ہو گا ان پر یہ ود ہولڈنگ ٹیکس بل کی رقم کی 10% کی شرح سے نافذ ہو گا ۔ 20,000 روپے سے زیادہ کی رقم پر کمرشل صارفین کو 12 فیصد کی شرح سے ود ہولڈنگ ٹیکس دینے کے ساتھ ساتھ 1950 روپے کی اضافی طے شدہ رقم بھی ادا کرنی ہوگی جبکہ صنعتی صارفین کو 1950 روپے کے طے شدہ چارجز کے ساتھ کل رقم کا 5 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کی مد میں ادا کرنا ہوگا۔ اس تبدیلی کے بارے میں رائے دیتے ہوئے کے الیکٹرک کے ترجمان نے کہا ’’ یہ موجودہ تبدیلی وفاقی حکومت نے پاکستان بھر میں موجود تمام ڈسٹر بیوشن کمپنیوں بشمول ان کے جو کراچی اور اس کے اطراف میں کام کر رہی ہیں پر نافذ کی ہے۔ ہمیں اس بات کا اطلاق ہے کہ صارفین کو اس کے طریقہ کار سے متعلق مزید معلومات درکار ہو گی۔ اس لئے ہم نے کراچی بھر میں موجود اپنے نیٹ ورک پر موجود تمام 30 کسٹمر کیئر سینٹرز کے عملے کو مکمل معلومات فراہم کی ہیں اور ان کو ہدایت کی ہے کہ اس عرصے کے دوران صارفین کو مکمل معلومات اور معاونت فراہم کریں۔ ہم اپنے صارفین پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنا اندراج ایف بی ار کی ٹیکس بھرنے والوں کی فعال فہرست میں کروائیں تاکہ وہ ود ہولڈنگ ٹیکس کی یہ رقم اپنے سالانہ ٹیکس ریٹرن میں دوبارہ وصول کر سکیں۔ رہائشی صارفین سے استدعا ہے کہ وہ کے الیکٹرک کے قریبی کسٹمر کیئر پر تشریف لائیں اور بلوں پر درج اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کی تفصیلات اپ ڈیٹ کروائیں۔ مزید معاونت اور معلومات کیلئے صارفین کے الیکٹرک کے 24/7 چینلز بشمول 118 کال سینٹرز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر رابطہ کر سکتے ہیں ۔ ہمارے کسٹمرز کی سہولت کیلئے عام طور سے پوچھے جانے والے سوالوں(FAQs )کا ایک سیٹ کے الیکٹرک کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔
کراچی میں یکم جولائی سے یوٹیلٹی کے بلوں پرودہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ
Aug 07, 2021