کوٹ ادو (خبرنگار) میٹرک کے سالانہ امتحانات، امتحانی سنٹروں پر ناقص انتظامات، ٹھنڈے پانی کی عدم دستیابی،بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں متبادل انتظام نہیں۔ تفصیل کے مطابق ڈی جی خان بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک کے سالانہ امتحان جاری ہیں،بورڈ کی جانب سے تحصیل کوٹ ادو میں بنائے گئے تمام امتحانی سینٹروں پر انتہائی ناقص انتظامات کئے گئے ہیں، پیپرز کے دوران بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈگ میں کوئی متبادل انتظام نہ کئے گئے ھیں، بجلی کی طویل ترین بندش روز کا معمول ہے جس کے باعث امتحانی سینٹروں پر گرمی اور حبس کا راج ہے بجلی کی بندش کے دوران طلباء وطالبات شدید گرمی میں پسینے میں شرابور پیپر دینے پر مجبور ھیں ، جبکہ پسینے کی وجہ سے جوابی شیٹس بھی بھیگ کر خراب ھو جاتی ہیں دوسری طرف شدید گرمی اور حبس کو مدنظر رکھتے ہوئے پینے کے لئے ٹھنڈے پانی کا انتظام بھی نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے طلبہ و طالبات پانی پینے کے لیے ترستے رہتے ہیں ،گزشتہ روز ہونے والے فزکس کے پیپر کے دوران پانی اور بجلی کے ناقص انتظام کے باعث امیدواروں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا امیدوار سخت گرمی کے دوران امتحانی سنٹر سے پانی پینے کے لیے ڈھونڈتے رہے جو انہیں میسر نہ ہوا جبکہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث امیدوار پسینے سے شرابور ہو گئے اور ان کی امتحانی کاپیاں بھی پسینے سے بھیگ گئیں،متاثرہ طلبا و طالبات اور ان کے والدین نے وزیر تعلیم مراد سعید سمیت چیئرمین تعلیمی بورڈ ڈی جی خان سے مطالبہ کیا کہ سینٹروں میں بجلی کا متبادل انتظام کیا جائے اور پینے کے لئے ٹھنڈا پانی بھی مہیا کیا جائے ۔