ملتان( سپیشل رپورٹر)ڈہرکی ٹرین حادثے کے ورثا اور زخمیوں میں چیک کی تقسیم شروع کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ڈہرکی اور ریتی کے درمیان 17UPملت ایکسپریس اور 36DN سرسید ایکسپریس کے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور زخمی ہونیوالے مسافروں کے چیک تیار ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ پوسٹل لائف انشورنس نے ابتدائی طور پر 6چیک تیار کرکے چیف کمرشل منیجر پاکستان ریلوے کے حوالے کردئیے۔ ان میں جاں بحق مسافروں طاہرہ خاتون، زوبیہ قریشی، شہزاداحمد، ظفر اقبال، حضوراں تنویر، جبکہ ایک زخمی عذرا بی بی شامل ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو بالاترتیب 15 لاکھ فی کس اور زخمی ہونے والی مسافر عذرا بی بی کو 50 ہزار روپے کے چیک دیئے جائیں گے۔اس سلسلے میں ڈویژنوں میں ہیڈکواٹرز سٹاف کے ذریعے چیک روانہ کردیئے ہیں جو قانونی طور پر ورثا کے حوالے کریں گے۔ 21مزید کیسسز چیف میڈیکل آفیسر نے تصدیق کرکے پوسٹل لائف انشورنس کو چیک کی تیاری کے لیے بھجوا دیئے ہیں۔