لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملک کے مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ اور مذہبی قائدین نے صادق آباد کے نواح میں مندر میں توڑ پھوڑ اور املاک کو نقصان پہنچانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مجرموں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دینے کا مطالبہ کیا اور کہا ہے کہ اسلام امن، سلامتی، رواداری اور محبت کا دین ہے۔ اسلام اور آئین پاکستان اقلیتوں کے مکمل حقوق کا محافظ ہے اور جس گروہ نے یہ فتنہ برپا کیا ہے اس نے اسلام، مسلمانوںا ور پاکستان کو بدنام کیا ہے۔ پاکستان علماء کونسل کی طرف مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، مولانا اسد زکریا قاسمی، پیر نقیب الرحمن، پیر حسان حسیب الرحمن، علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، علامہ عارف واحدی، علامہ طاہر الحسن، علامہ غلام اکبر ساقی، علامہ محمد حسین اکبر، مولانا نعمان حاشر، پیر اسعد حبیب شاہ جمالی، مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا عزیز اکبر قاسمی، مولانا عمار نذیر بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان میں رہنے والی اقلیتوں کی عبادتگاہوں ، جان و مال ، عزت و آبرو کا تحفظ کرنا مسلمانوں اور ریاست پاکستان کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان اور سپریم کورٹ آف پاکستان نے اس حوالے سے جو ایکشن لیا ہے وہ قابل ستائش ہے پاکستان علماء کونسل اور انٹرفیتھ ہارمنی کونسل کا وفد حافظ محمد طاہر محمو داشرفی کی سربراہی میں صادق آباد کا دورہ کرکے ہندو برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرے گا۔