لاہور (فاخر ملک) پنجاب اور خیبر پی کے سے تعلق رکھنے والے الیکشن کمشن کے دو ارکان کی غیر موجودگی میں الیکشن کمشن کا کام معمول کے مطابق جاری ہے اور انکی تقرری تک روزمرہ کام متاثر نہیں ہوگا۔ جبکہ زیرتصفیہ کیسوں کی سماعت معمول کے مطابق جاری رہے گی۔ یہ بات الیکشن کمشن کے ذرائع نے بتائی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمشن کے دو ارکان جن میں صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے جسٹس (ر) الطاف ابراہیم اور خیبر پی کے سے تعلق رکھنے والے جسٹس (ر) ارشاد قیصر شامل ہیں 26-جولائی کو اپنے عہدوں سے ریٹائر ہوگئے تھے۔ ذرائع کے مطابق موجودہ ارکان کی جگہ نئے ارکان کی تقرری کے بارے میں ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ جبکہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 213کے تحت ان تقرریوں کے لئے وزیر اعظم اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے مابین بالواسطہ یا بلا واسطہ معنی خیز مشاورت کے نتیجہ میں اتفاق رائے ضروری ہے۔ لیکن اتفاق رائے کیلئے ضروری نہیں کہ کہ دونوں رہنمائوں کی آپس میں ملاقات ہو۔ اس ضمن میں حکومتی ترجمان نے کچھ روز قبل بتایا تھا کہ وزیر اعظم جلد ہی اپوزیشن لیڈر کو خط لکھیں گے جیسا کہ موجودہ کی تقرری کے موقع پر فریقین کی طرف سے نام دیئے جانے کے بعد چئیرمین کے نام پر اتفاق ہوا تھا۔