اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) یو اے ای نے ملک میں داخلے کیلئے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی شرط عائد کر دی۔ پاکستان سے دبئی جانے والے مسافروں کیلئے مشکل پیدا ہو گئی ہے۔ ملک بھر کی لیبارٹریز میں ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت موجود نہیں جس کی وجہ سے 3120 مسافر دبئی کیلئے سفر نہیں کر سکیں گے۔ لاہور سے دبئی جانے والے 250 مسافروں کو سفر کرنے سے روک دیا گیا۔ پشاور سے 2500 سے زائد مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا۔ کراچی سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق خلیجی ائر لائن نے پاکستانی مسافروں کیلئے نئے قوانین کا نفاذ کرتے ہوئے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ لازم قرار دیدیا۔ کراچی کے جناح ٹرمینل پر 70 مسافروں کو دبئی روانہ ہونے سے روک دیا گیا۔ ائر پورٹ ذرائع کے مطابق خلیجی ائر لائن کی پرواز سے چار گھنٹے قبل ریپڈ پی سی آرٹیسٹ لازم ہے۔ روکے جانے والے مسافروں کے پاس پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ موجود تھی۔ مسافرروں کا کہنا ہے کہ ائرپورٹ پہنچے تو نئے قوانین کے تحت ریپڈ پی سی آر ٹسٹ کی رپورٹ دکھانے کو کہا گیا۔ سی او او جناح ٹرمینل کے مطابق احتجاج اور رش لگنے کا معاملہ خلیجی ائر لائن کے ایس او پیز کی وجہ سے پیدا ہوا ہے۔ سول ایوی ایشن کی جانب سے کوئی رکاوٹ نہیں تھی۔ 70 مسافر دبئی جانے والی پرواز پر سفر کرنے سے رہ گئے ہیں۔ ملتان ائرپورٹ ذرائع کے مطابق ابھی تک ریپڈ پی سی آر ٹسٹ کی سہولت نہیں جس کی وجہ سے مسافر دبئی روانہ نہ ہو سکے۔ تمام ائر لائنز ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کا کائونٹر خود لگائیں گی جگہ ہم دیں گے۔ محکمہ صحت اپنی موبائل وین ائر پورٹ پر کھڑی کرے تو ٹیسٹ ہو سکتے ہیں۔