کرونا، 67 اموات، مثبت کیسز8.18 فیصد، موڈرنا بیرون ملک جانیوالوں کو لگے گی

Aug 07, 2021

اسلام آباد ( نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی)  ملک بھر میں کرونا وائرس سے مزید 67 افراد جاں بحق ہونے کے بعد کرونا کے باعث اموات کی مجموعی تعداد 23 ہزار 702 ہو گئی، مزید  4 ہزار 745 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں کرونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 10 لاکھ 58 ہزار 405 ہو گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری تازہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران 57 ہزار 981 کرونا ٹیسٹ کیے گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا مثبت کیسز کی شرح 8.18 فیصد رہی۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پاکستان میں 80 فیصد لوگوں کو کرونا وائرس کی ویکسین لگنے تک بوسٹر ڈوز لگوانے کی ضرورت نہیں۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے یہ بات امریکی ماہرین کی جانب سے کرونا ویکسین لگوانے والوں کو ڈیلٹا وائرس کی روک تھام کیلئے مزید ایک ویکسین کی خوراک یا بوسٹر ڈوز دینے کی تجویز کے حوالے سے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کرونا وائرس کی ویکسین کی ضرورت ان لوگوں کو ہے جنہیں ابھی تک ایک یا دونوں ڈوزز نہیں لگی ہیں۔ عالمی وبا کرونا سے تحفظ فراہم کرنے والی موڈرنا ویکسین 16سال سے زائد عمر کے طلبہ کو لگانے سے متعلق نئی گائیڈ لائنز جاری کردی گئی ہیں۔گائیڈ لائنز کے مطابق موڈرنا صرف بیرون ممالک جانے والے 16سال یا زائد عمر والوں کو لگے گی۔ ان طلبہ کو موڈرنا لگائی جائے گی جن کے لیے ویکسین یونیورسٹی کے لیے ضروری ہے۔ طلبہ کو ویکسین لگوانے کیلئے ضروری کاغذات اور ویکسین کی ضرورت کا ثبوت دینا ہو گا۔ کرونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 11 ہزار 141 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 6 ہزار 126، خیبرپختونخوا 4 ہزار 507، اسلام آباد 809، گلگت بلتستان 150، بلوچستان میں 330 اور آزاد کشمیر میں 639 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ کراچی میں کرونا مثبت کیسز کی شرح ساڑھے بیس فیصد رہی اور حیدر آباد میں کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 16 اعشاریہ 67 فیصد رہی۔ سندھ میں کرونا سے خاتون ڈاکٹر سمیت دو ڈاکٹر انتقال کر گئے۔ پی ایم اے کے مطابق  نوشہرو فیروز کی ڈاکٹر فرزانہ میمن اور ایم ایل او سول ہسپتال کراچی ڈاکٹر نثار شاہ بھی کرونا سے انتقال کر گئے۔کراچی کی 106 سالہ خاتون نے کرونا کے ڈیلٹا ویرینٹ کو شکست دیدی۔ ایم ایس بہاری جنرل ہسپتال کے مطابق کرونا وارڈ میں زیر علاج 106 سالہ خاتون نے کرونا کو شکست دی۔ خاتون کو مکمل علاج کے بعد ہسپتال سے گھر منتقل کر دیا گیا۔

مزیدخبریں