بھارت نے او آئی سی کمشن کو غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر جانے سے روکدیا، مزید 2 کشمیری شہید

Aug 07, 2021

مظفر آباد‘ سرینگر  (نوائے وقت رپورٹ‘ این این آئی‘ کے پی آئی) او آئی سی انسانی حقوق کمشن نے گزشتہ روز مظفر آباد پر ایل او سی کا دورہ کیا۔ انہیں ایل او سی پر بھارتی فائرنگ اور جانوں کے ضیاع پر بریفنگ دی گئی۔ او آئی سی کا انسانی حقوق کمیشن اسلام آباد سے مظفرآباد پہنچا۔ بھارت نے وفد کو مقبوضہ کشمیر کے دورے کی اجازت نہیں دی۔ پاکستان کی کامیاب سفارتکاری سے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر زندہ ہونے کا ثبوت، اسلامی تعاون تنظیم کے مستقل آزاد کمیشن برائے انسانی حقوق کی دو روزہ دورے پر پاکستان آمد، وفد کے 13 ارکان میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکی، تیونس، مراکش، آذربائیجان، ملائشیا، گیبن، نائیجیریا اور یوگنڈا کے ارکان شامل ہیں۔ آذربائیجان کے ڈاکٹر ایدین صفی خان علی نے کہا کہ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یہ بتانے جا رہے ہیں کہ وہ اکیلے نہیں، بلکہ تمام اسلامی ممالک ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت نے انہیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں دورے کی اجازت نہیں دی۔ دریں اثناء غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران جمعہ کے روز ضلع راجوری میں دو کشمیری نوجوانوںکو شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوںکو ضلع کے علاقے تھنہ منڈی میں تلاشی اور محاصرے کی پر تشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔ مقبوضہ کشمیر میں ایک بھارتی فوجی ضلع گاندربل میں خود کو پھندا لگا کر خودکشی کرلی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجی نے ضلع کے علاقے مانسبل میں واقع ایک فوجی کیمپ میں خودکشی کی۔ بھارتی فوجی کی خودکشی کے اس تازہ واقعے سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروںکی تعداد بڑھ کر 510ہو گئی ہے۔ سری نگرمیں بم دھماکہ ہوا ہے اور بھارتی فورسز پر دستی بم پھینکا گیا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ گزشتہ روز جامع مسجد سری نگر کے قریب نوہٹہ میں ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں وہاں سراسیمگی پھیل گئی اور لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگ گئے ۔

مزیدخبریں