نامزد وزیراسد کھوکھر کے بیٹے کے ولیمہ میں فائرنگ، بھائی مبشر جاں بحق، وزیر اعلیٰ موجود تھے

لاہور (نامہ نگار) نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں مخالفین کی فائرنگ سے اسد کھوکھر کا بھائی مبشر کھوکھر ملک گوگا ہلاک جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پوش علاقہ کے ایک فارم ہاؤس میں نامزد صوبائی وزیر ایم پی اے اسد کھوکھر کے بیٹے کی شادی کی دعوت ولیمہ کی تقریب جاری تھی۔ تقریب میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اور صوبائی وزراء سمیت اہم سیاسی سماجی اور سرکاری شخصیات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب میں شرکت کے بعد وزیراعلی عثمان بزدار وہاں سے روانہ ہورہے تھے، ذرائع کا کہنا ہے کہ گھات لگائے حملہ آورگیٹ پرموجود تھے۔ اسد کھوکھر اور مبشر کھوکھر سمیت تینوں بھائی وزیراعلیٰ  عثمان بزدار کو گیٹ پر چھوڑنے آئے جبکہ وزیر اعلی عثمان بزدار ابھی گاڑی میں بیٹھے ہی تھی کہ ملزمان نے فائرنگ کردی۔ فائرنگ کی زد میں آکر اسد کھوکھر کا بھائی مبشر کھوکھر عرف ملک گوگا اور ایک مہمان شدید زخمی ہو گیا۔ وزیر اعلی وہاں سے روانہ ہوگئے۔ ملزم کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا جبکہ پولیس نے موقع سے موبائل فرانزک وین کے ذریعے شواہد اکٹھے کئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر عرف ملک گوگا نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا ہے۔ مبشر کھوکھر کو 1 گولی لگی۔ پولیس حکام نے اسلحہ برآمد کر لیا۔ ملزم کا تعلق ملتان روڈ ماناوالاگاؤں سے ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے۔ وزیراعلیٰ کے سٹاف نے فائرنگ کرنے والے ملزم کو پکڑلیا۔ اور نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی اسد کھوکھر کو صوبائی کابینہ میں شامل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا۔ تاہم انہیں ابھی حلف اٹھانا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر اور ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی بھی موقع پر پہنچ گئے۔ دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ وزیراعلی پنجاب سے بات ہوئی ہے۔ وہ خیریت سے ہیں اور رہائش گاہ پر موجود ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ حملہ آوروں نے ان کی گاڑی کے بالکل قریب آ کر فائرنگ کی۔ وزیراعلیٰ کی سکیورٹی نے حملہ آور کو قابو میں لے کر گرفتار کیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔ فائرنگ کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم جامع انکوائری کی جائے اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے مزید کارروائی کی جائے۔ دریں اثناء وزیراعلی عثمان بزدار نے اسد کھوکھر اور لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائرنگ سے آپ کے بھائی کے جاں بحق ہونے پر دلی دکھ اور رنج ہوا۔ اللہ تعالی آپ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔

ای پیپر دی نیشن