امریکامیں کورونا ویکسین کے بوسٹر شاٹ کی جلد منظوری متوقع

امریکا میں کورونا وائرس کے بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ سے تحفظ کے لیے امریکیوں کو بوسٹر شاٹ یا اضافی ویکسین ڈوز لگانے کی منظوری ملنے کا جلد امکان ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ صحت کے حکام کا اس حوالے سے کہنا تھاکہ ڈیلٹا ویرینٹ سے تحفظ کے لیے کم قوتِ مدافعت والے امریکیوں کو بوسٹر شاٹ لگایا جا سکتا ہے۔امریکی محکمہ صحت کے حکام نے یہ بھی بتایا کہ کورونا وائرس کی ویکسین کے بوسٹر شاٹ لگائے جانے کی منظوری دنوں یا ہفتوں میں متوقع ہے۔اس سے قبل 3 ممالک اسرائیل، جرمنی اور فرانس میں پہلے ہی شہریوں کو بوسٹر ڈوزز لگائی جا رہی ہیں۔دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کورونا ویکسین کے بوسٹر ڈوزز روکنے کا مطالبہ سامنے آیا ۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس اڈہانوم نے ماہ ستمبر کے اختتام تک کووڈ 19 ویکسین کے بوسٹرز لگانے کو روکنے کے لیے کہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد ہر ملک کی 10 فیصد آبادی کی ویکسین مکمل کروانے کو ممکن بنانا ہے۔بوسٹر ڈوزز روک کر امیر اور غریب ممالک میں ویکسین کی تقسیم میں عدم مساوات دور کرنا ہے۔

ای پیپر دی نیشن