پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ماضی کے حکمرانوں کی طرح ڈنگ ٹپائو پالیسی کی روایت کو آگے بڑھانے کی بجائے ملک کی پائیدار ترقی کیلئے اصلاحات کے مشکل ہدف پر پیشرفت کی ہے ،موجودہ حکومت بھی مسلم لیگ (ن) کی طرح معیشت پر کاسمٹیکس کا لیپ کر سکتی تھی لیکن اس کا خمیازہ ملک اور قوم کو بھگتناپڑنا تھا،لند ن اور رائیونڈ کا بیانیہ مسلم لیگ (ن) کو ہڑ پ کر جائے گا ۔ اپنے ایک بیان میں ہمایوں اخترخان نے کہاکہ پاکستان کی معیشت کے درست سمت میں گامزن ہونے کے حوالے سے عالمی اداروں کی رپورٹس موجود ہیں لیکن اس کے باوجودحزب اختلاف کی جماعتیں میں نہ مانوں کی رٹ لگائے ہوئے ہیں ۔ تین سالوں میں حزب اختلاف نے ملک و قوم کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے کوئی تجاویز نہیں دیں بلکہ منفی پراپیگنڈا کیا جاتا رہا ۔ عوام اب با شعور ہو چکے ہیں اور آئندہ عام انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر انشا اللہ دوبارہ تحریک انصاف کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے جدید پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے اور انشااللہ اب دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو معاشی طور پر ٹیک آف کرنے سے نہیں روک سکتی ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے بیانیے پر ان کی جماعت کے اندر مختلف آراء پائی جاتی ہے اورلندن اور رائے ونڈ بیانیہ کے پلڑے میں وزن ڈالنے والوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے.
لند ن اور رائیونڈ کا بیانیہ مسلم لیگ (ن) کو ہڑ پ کر جائے گا. ہمایوں اخترخان
Aug 07, 2021 | 22:08