اسلام آباد (خبر نگار+ نیوز رپورٹر) پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا۔ پاکستان کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے حوالے سے مرتب فہرست میں 52ویں نمبر پر ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کیسز کی شرح 3 اعشاریہ25 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ مزید 673 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ زیرِ علاج 169 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، پاکستان بھر میں اب تک 30 ہزار 505 کرونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں۔ جبکہ اس کے کل مریضوں کی تعداد 15 لاکھ 58 ہزار 657 ہو چکی ہے۔ ملک میں کرونا وائرس کے مزید 20 ہزار 735ٹیسٹ کیے گئے، جبکہ اب تک کل 2 کروڑ 96 لاکھ 93ہزار 66کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ نیوز رپورٹر کے مطابق لاہو رمیں مثبت کیسز کی شرح 9 فیصد تک جا پہنچی یا گذشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور سے کرونا کے 247 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ سیکرٹری صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے کرونا کے 361نئے کیسز سامنے آئے چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں کرونا کے باعث کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔ کرونا کے مثبت کیسز کی مجموعی شرح 3.8 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
کرونا کیسز میں مسلسل اضافہ ، مزید 673 افراد شکار ، لاہور میں مثبت شرح 9 فیصد
Aug 07, 2022