عرس بابا فرید الدینؒ کی تقریبات آخری مراحل میں داخل 


لاہور‘ پاکپتن (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے 780 ویں سالانہ عرس کے سلسلے میں تیسرے روز، بہشتی دروازہ کی قفل کشائی کی رسم سیکرٹری اوقاف پنجاب میاں ابرار احمد اور ڈائریکٹر جنرل اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے مشترکہ طور پر ادا کرتے ہوئے کہا کہ بابا فریدؒ کے افکار سے روشنی حاصل کر کے فلاحی معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔ آپؒ نے اپنے طرز ِزیست کے ذریعے لوگوں میں امن، محبت، بھائی چارے اور انسان دوستی کو فروغ دیا اور خطّے میں ترویج ِدین کی عظیم تحریک کے سْرخیل قرار پائے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پاکپتن احمر سہیل کیفی، ڈی پی او پاکپتن نصیب اللہ خاں، زونل ایڈ منسٹریٹر اوقاف پاکپتن ضیاء المصطفیٰ سمیت علمی، دینی اور روحانی حلقوں کی ممتاز شخصیات موجود تھیں۔ بہشتی دروازے کی چوتھے روز کی "قفل کشائی " آج ضلعی انتظامیہ اور آرپی او کریں گے۔ پاکپتن سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق عظیم صوفی بزرگ حضرت بابا فریدالدین گنج شکرؒ کے 780 ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات اختتامی مراحل میں داخل ہو گئیں۔ جبکہ زائرین کی بڑی تعداد میں آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ پانچ روزہ بہشتی دروازہ کی قفل کشائی کا سلسلہ کل تک جاری رہے گا۔ جبکہ دس محرم الحرام کو دربار شریف کو غسل دے کر شہدائے کربلا کے سوگ میں چالیس دن کیلئے بند کر دیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن