غزہ‘ تل ابیب‘ واشنگٹن ؍ اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ+خصوصی نامہ نگار) غزہ پر دوسرے روز بھی اسرائیلی بمباری سے بچوں سمیت 5 فلسطینی شہید‘ متعدد زخمی ہو گئے۔ اسرائیل نے مغربی غزہ میں اسلامی جہادکے متعدد ٹھکانوں پر تازہ بمباری کی ہے ان حملوں میں اسرائیلی فوج نے اسلامی جہاد کے ایک اہم رہنما کو ہلاک کرنے کا بھی دعوی کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائی ادرعی نے کہا کہ چیف آف سٹاف نے فوج کو ہنگامی حالت میں رہنے اور چیف آف سٹاف کے اعلی آپریشن روم کو کھولنے کی ہدایت کی۔ جنوبی اسرائیل میں سائرن بج گئے۔ اسرائیلی پناہ گاہوں میں داخل بھگدڑ سے 4 زخمی ہو گئے۔ اسرائیل میں اس وقت سائرن بجنا شروع ہو گئے جب اسلامی جہاد کی طرف سے اسرائیل کے اندر 350 راکٹ فائر کیے گئے تاکہ اسرائیلی کی جانب سے غزہ پر فضائی حملے کا جواب دے سکے۔ اسرائیل کی غزہ پر جمعہ کے روز بمباری کی وجہ سے اسلامی جہاد کے لیڈر تیسیر الجعبری شہید ہو گئے تھے۔ وائٹ ہاؤس نے اسرائیلیوں اور فلسطینیوں سے کہا ہے کہ وہ جنگی ماحول میں مزید شدت لانے سے گریز کریں۔ نیشنل سکیورٹی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا اس تشدد کی آگ کو بھڑکنے سے روکا جائے اور ٹھنڈا کیا جائے۔ جان کربی نے مزید کہا کہ ہم پوری سرگرمی کے ساتھ اسرائیلیوں، فلسطینیوں اور علاقے کے دوسرے شراکت داروں کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ بمباری سے بھڑکنے والی صورت حال کو ٹھنڈا کیا جا سکے۔ ہم تمام فریقوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ تصادم کو بڑھانے سے گریز کریں۔ امریکہ، اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے اور اسی طرح کھڑا رہے گا۔ پاکستان نے غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی حملوں میں بچوں سمیت متعدد افراد کی شہادت کی شدید مذمت کرتا ہے۔ بے گناہ فلسطینیوں پر اسرائیل کیطرف سے حالیہ مظالم اس کے غیر قانونی اقدامات کی مثال ہیں۔ عالمی برادری اسرائیل کو فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے بے دریغ استعمال سے روکے۔ پاکستان نے غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل پر زور دے کہ وہ طاقت کے بے دریغ استعمال اور فلسطینی عوام کے انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزیوں کو فوری طور پر بند کرے۔ اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق ہم 1967ء سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ ایک قابل عمل، خود مختار اور متصل فلسطینی ریاست کے لیے اپنے مطالبے کی تجدید کرتے ہیں اور اس کا دارالحکومت القدس الشریف ہی ہے جو فلسطینی مسئلہ کا واحد، جامع اور دیرپا حل ہے۔ غیرملکی ایجنسی کے مطابق جیٹ طیاروں نے جیالیہ مہاجر کیمپ کو نشانہ بنایا۔ سعودی عرب نے غزہ پٹی پر اسرائیلی فضائی حملوں کی مذمت کی ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے کہا ہے سعودی عرب ہمیشہ سے اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے۔ عالمی برادری کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
غزہ: دوسرے روز بھی بمباری ، بچوں سمیت مزید 5شہید: پاکستان ، سعودی عرب کی مذمت
Aug 07, 2022