لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب کی 21رکنی کابینہ نے گورنر ہائوس لاہور میں حلف اٹھا لیا۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے صوبائی وزرا سے حلف لیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی کی عدم شرکت پر سیکرٹری آئی اینڈ سی پنجاب زید بن مقصود نے تقرری سے متعلق نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔ حلف اٹھانے والوں میں میاں اسلم اقبال، علی عباس شاہ، محسن لغاری، راجہ بشارت، راجہ یاسر ہمایوں، انصر مجید نیازی، منیب سلطان چیمہ، سردار شہاب الدین، مراد راس، یاسمین راشد، خرم شہزاد، ہاشم ڈوگر، سردار آصف نکئی، علی افضل ساہی، نوابزادہ منصورعلی خان، حسین گردیزی، غضنفر عباس چھینہ، لطیف نذر، حسنین دریشک اور محمود الرشید شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے 21 رکنی کابینہ میں ڈاکٹر یاسمین راشدکو صحت، میاں اسلم اقبال ہاؤسنگ اور انڈسٹریز، میاں محمود الرشید بلدیات ، مراد راس سکولز ایجوکیشن، علی افضل ساہی وزیر مواصلات، راجہ بشارت وزیر پارلیمانی امور، پراسیکوشن اور کوآپریٹو، لطیف نذر مائنز اینڈ منرل اور نوابزداہ منصور محکمہ مال، سردار محسن لغاری خزانہ، سردار شہاب الدین سوشل ویلفیئر، سردار حسنین بہادر دریشک محکمہ خوراک اینڈ لائیو سٹاک، عنصر مجید نیازی محکمہ لیبر اور ملک تیمور کھیلوں کے وزیر ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ احمد اویس کو دوبارہ پنجاب کا ایڈووکیٹ جنرل بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ پرویز الٰہی سے مسلم لیگ ق سکاٹ لینڈ کے صدر شبیر شاہ نے ملاقات کی رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی بھی اس موقع پر موجود تھے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کر سکتے وزیراعلیٰ نے لاہور اور دیگر شہروں میں بارشوں کے پیش نظر متعلقہ محکموں اور اداروں کو ہمہ وقت الرٹ رہنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ واساز انتظامیہ ریسکیو 1112 اور پی ڈی ایم اے بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری طور پر اقدامات کریں۔
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا پہلا اجلاس ہوا۔ چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ ہمیں صرف صوبے کے عوام کی خدمت کرنی ہے۔ آپ میری ٹیم ہیں اور ہم سب نے ٹیم بن کر عوام کو ریلیف دینا ہے۔ ویلفیئر کے ایسے کام کریں جس سے اس حکومت کا واضح فرق نظر آنا چاہیے۔ ہمیں صوبے کے عوام کو کام کر کے دکھانا ہے اور آپ کے کام خود بولنے چاہئیں۔ انہوں نے صوبائی وزرائ، مشیران اور معاونین خصوصی اپنے متعلقہ اضلاع میں سکیورٹی انتظامات کی نگرانی اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے کئے جانے والے ا قدامات کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ یوم عاشور پر قیام امن کے لئے ضلع کی سطح پر باقاعدگی سے میٹنگز کی جائیں، تمام جلوسوں اور مجالس کی سی سی ٹی وی کوریج یقینی بنائی جائے۔ محرم الحرام خصوصاً یوم عاشور پرامن فضا کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے، مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے ضلعی و ڈویژنل امن کمیٹیوں کے ارکان متحرک کردار ادا کریں، ضابطہ اخلاق کی پابندی پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ قابل اعتراض مواد کی اشاعت و تقسیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں اورسکیورٹی انتظامات کی باقاعدگی سے مانٹیرنگ کی جائے۔ پرویز الہٰی نے متاثرہ علاقوں کے لئے خصوصی امدادی پیکیج پر تیزی سے عمل درآمد کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ فصلوں اور املاک کو پہنچنے والے نقصانات کا جلد ازالہ کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران بلوچستان میں پاکستان آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر حادثے میں شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ پنجاب کابینہ نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شہید فوجی افسروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور دیگرفوجی افسروں نے اپنی زندگیاں فرض کی ادائیگی پر قربان کیں۔ کابینہ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کی از سرنو تشکیل کی منظوری دی گئی جس کے سربراہ صوبائی وزیر خزانہ محسن لغاری کمیٹی ہوں گے۔ کابینہ نے قانونی امور اور امن وامان سے متعلق کابینہ کمیٹیوں کی از سرنو تشکیل کی منظوری دیتے ہوئے صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن و کوآپریٹو راجہ بشارت کمیٹی کو سربراہ مقرر کر دیا۔ سیلاب اور بارشوں کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔ اجلاس میں 4 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی گئی۔ پنجاب کابینہ نے محرم الحرام خصوصاً یوم عاشور کیلئے فول پروف سکیورٹی پلان کی منظوری دی، جس کے تحت پنجاب میں 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔ موبائل فون سروس حساس مقامات اور جلوسوں کے راستے پر بند رہے گی۔ علاوہ ازیں اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے بھی 9 اور دس محرم الحرام کو ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی ہے۔