عمران 9 حلقوں سے الیکشن لڑے تو 7 ہار جائیں گے: رانا ثناء


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کے فیصلے میں عمران خان کی چوری پکڑی گئی ہے۔ عمران خان پوری قوم کے سامنے ایکسپوز ہو چکے ہیں۔ پی ٹی آئی کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت ہے، ان لوگوں کو پہلے بھی جلسے کی اجازت دی تھی جلسہ کرنے کا اعلان چوری چھپانے کیلئے کیا گیا۔ ان کی دھمکیوں میں نہ پہلے آئے نہ اب آئیں گے۔ یہ لوگ الیکشن کیلئے مخلص نہیں ہیں، ان کی جو چوری پکڑی گئی یہ اس سے بچنا چاہتے ہیں۔ عمران خان قوم کے نوجوانوں کو گمراہ کر رہا ہے۔ اگر انہوں نے 9 حلقوں میں امیدوار نہ دئیے تو سات میں ہاریں گے، یہ ہماری نہیں پی ٹی آئی کی ہی سیٹیں ہیں۔ الیکشن کمشن نے فیصلے کی کاپی وفاقی حکومت کو بھیجی ہے۔ وفاقی حکومت نے وہ کاپی وزارت داخلہ کو بھیج دی ہے، ہم نے فیصلے کی کاپی ایف آئی اے کو بھیجی ہے ان کے اکاؤنٹس میں پیسے غیرقانونی طریقے سے آئے۔ پی ٹی آئی کے عہیدداروں کے کالے کرتوت ان اکاؤنٹس میں چھپے ہیں۔ عمران خان ناسور ہے قوم کو لے ڈوبے گا، ملک کو تباہ کر دے گا۔ تحقیقات میں تعاون نہ کیا تو قانون گرفتاری کی اجازت دیتا ہے۔ ایک سوال پر کہا کہ نواز شریف اگلے انتخابات کی مہم سے پہلے واپس آئیں گے، آنے کی تاریخ کا اعلان وہ خود کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن