اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی کمبوڈین ہم منصب پراک سوخونون سے نوم پنھ میں ملاقات اور آسیان ریجنل فورم وزارتی کانفرنس کے کامیاب انعقاد اور پاکستانی وفد کی شاندار میزبانی پر ان کی کاوشوں کو سراہا۔ ترجمان دفتر خا رجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے علاقائی سلامتی کے لیے آسیان ریجنل فورم وزارتی کانفرنس کی اہمیت پر زور دیا اور آسیان ریجنل فورم کے ساتھ پاکستان کے مسلسل عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے آسیان کے ساتھ پاکستان کے تعاون کے فروغ کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے وزراء خارجہ نے پاک کمبوڈیا دوستانہ تعلقات کو سراہا اور باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاک کمبوڈیا اعلیٰ سطحی مذاکرات اور تجارتی فروغ پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے علاقائی ایشوز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان اور کمبوڈیا نے ہر سطح پر دوطرفہ روابط اور مذاکرات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے تاکہ ثقافتی اور عوامی روابط کو فروغ دیا جا سکے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کمبوڈیا کے شہر نوم پنھ میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور کمبوڈیا کے وزیراعظم HUN SEN کے درمیان آسیان علاقائی فورم کے 29ویں وزارتی اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں ہوا۔کمبوڈیا کے وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ مضبوط تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا۔ دریں اثناء وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور بنگلہ دیش ہم منصب عبدالمومن کے درمیان آسیان ریجنل فورم کے موقع پر ملاقات ہوئی ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان میں ملاقات سے متعلق کہا کہ بیان اجلاس کی سائیڈ لائن پر ہونے والی ملاقات میں انہوں نے بنگلہ دیشی ہم منصب کو بنگلہ دیش میں بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ قریبی دوستانہ تعلقات کیلئے پاکستان کے عزم سے آگاہ کیا اور وزیراعظم شیخ حسینہ کیلئے نیک خواہشات کاپیغام دیا۔