کراچی (نیوز رپورٹر) ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے زور دیا ہے کہ علمائے کرام محرم الحرام میں اتحاد امت کو برقرار اور حکومت امن وامان کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائے، امام حسین ؓ کی عظیم جدوجہد امت مسلمہ کیلئے ایک روشن مثال ہے، آج بھی کفر کا نظام ہر طرف بڑھتا جارہا ہے جس کے مقابلے کیلئے جذبہ حسینیت کی ضرورت ہے۔انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ امام حسین ؓکسی ایک فرقہ کا نہیں بلکہ پوری امت کا امام ہے لہٰذا غم حسین ؓ میں پوری امت شامل ہے۔حق کے لیے جینا اور حق کی خاطرمرنا امام حسین ؓ سے محبت کا بہترین طریقہ ہے، کربلا حق و باطل کی جنگ تھی جس میں فتح حق کی ہوئی اور حق ہمیشہ کے لیے سربلند ہو گیا ہے اور باطل ہمیشہ کی طرح بینام و بے توقیر ہوا۔ صبر، جدوجہد اور ایثار و قربانی درس کربلا ہے جس ایک مومن کو اپنے کردار کے لازمی جز بنانا چاہیے۔
امام حسین ؓ کی جدوجہد امت مسلمہ کیلئے روشن مثال ،اسداللہ بھٹو
Aug 07, 2022