کراچی(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کے پی کے ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر و سینئر کانگریس ممبر سید محمد ظاہر شاہ کی قومی کھیل کی ترویج و ترقی اور کھلاڑیوں کی بہبود کےلئے مثالی خدمات کے اعتراف میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ پی ایچ ایف ہیڈ کواٹرز لاہور میں منعقد تقریب میں سینئر کانگریس ممبر پاکستان ہاکی فیڈریشن سید محمد ظاہر شاہ کو سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن حیدر حسین نے پی ایچ ایف کی جانب سے خط تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر 1984 لاس اینجلس اولمپکس گولڈ میڈلسٹ اولمپین توقیر ڈار اور سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کرنل ر آصف ناز کھوکھر بھی موجود تھے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے سید محمد ظاہر شاہ کے اعزاز میں پیش کئے گئے سپاس نامہ میں انکی قومی کھیل میں خدمات، کھلاڑیوں کی بہبود اور قومی کھیل کی ترویج و ترقی کے حوالہ سے سرانجام دی گئی خدمات پر شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اولمپین توقیرڈار نے سید ظاہر شاہ کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ظاہر شاہ کی خدمات روز روشن کی طرح عیاں ہیں، انہوں نے صوبائی سطح پر پاکستان کی پہلی پروفیشنل لیگ کرائی جہاں کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع ملا وہاں انکو معاشی طور پر سود مند مواقع فراہم کئے۔سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن حیدر حسین نے کہا کہ سید محمد ظاہر شاہ نے انقلابی اقدامات سے قومی کھیل کی خدمات سرانجام دیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن انکی خدمات کے صلہ میں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کرنل ر آصف ناز کھوکھر نے کہا کہ سید محمد ظاہر شاہ ایک محنتی اور باصلاحیت سپورٹس آرگنائزر ہیں۔ انکی قومی کھیل کےلئے خدمات کی طویل فہرست ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔سینئر کانگریس ممبر و ایسوسی ایٹ سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف سید محمد ظاہر شاہ نے پی ایچ ایف کی جانب سے خط تحسین ملنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بطور سپورٹس آرگنائزر میں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے بے شمار صدور اور سیکرٹریز کےساتھ کام کیا۔ 40 سال کا طویل عرصہ خدمات میں گذارنے کے باوجود کسی نے بھی ان خدمات کی اس انداز میں توثیق نہیں کی۔ میں سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف سید حیدر حسین کا خاص طور پر مشکور ہوں کہ انہوں نے عزت افزائی فرمائی۔ سید محمد ظاہر شاہ کے پی کے ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اور صدر کے عہدہ پر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دینے کےساتھ ساتھ پاکستان ہاکی فیڈریشن میں بطور ایسوسی ایٹ سیکرٹری جنرل بھی تعینات رہ چکے ہیں۔ سید محمد ظاہر شاہ نے صوبہ خیبر پی کے سے قومی سینئر و جونیئر ہاکی ٹیموں کو باصلاحیت کھلاڑی دیئے اس کےساتھ ساتھ ٹیکنیکل آفیشلز اور امپائرز بھی دیئے جنہوں نے انٹرنیشنل سطح پر اپنا لوہا منوایا۔