حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)حافظ آباد میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ جنگلات کی جانب سے مون سون شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنرتو قیر الیاس چیمہ نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں پودے لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔اسسٹنٹ کمشنر حافظ آباد رب نواز،ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سید عاصم اظہر نقوی نے بھی پودے لگائے ۔ ڈپٹی کمشنر تو قیر الیاس چیمہ کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ اور آنے والی نسلوں کو صاف ، شفاف ، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام متعلقہ محکموں کو اپنے ٹارگٹ کے مطابق مون سون شجر کاری مہم کے دوران پھل دار اور پھول دار پودے لگانے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے تعلیمی اداروں ،ہسپتال ، عوامی مقامات،پبلک پارکوں ،سڑکوں، نہروں کے کناروں،اور دیگر مقامات پر پودے لگائے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ اس شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے دیہات کی سطح پر نمبر داروں، سما جی تنظیموں ،طلباءطالبات اور عام شہریوں کو بھی شامل کیا جائے۔ اس موقع پر ڈویژنل فاریسٹ آفیسر نے بتا یا کہ مون سون شجر کاری مہم کے دوران ضلع بھر میں 5لاکھ 67ہزارپودے لگانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے۔