فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں تین غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کے قیام کی کوشش ناکام بنادی۔ آپریشن کے دوران غیرقانونی تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار اور ان کے دفاتر کوسر بمہر کردیاگیا۔تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ آفیسر امتیاز علی گورایہ کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں انسپکشن کی تو چک نمبر225 ر۔ب کی اراضی پر نیو لائل پور سٹی چک نمبر215 ر۔ب میں ایس ایس ایونیو کے ناموں پر غیر قانونی ہائوسنگ سکیمیں اور چک نمبر7ج ۔ب میں شہباز نگر کے قریب اضافی آبادی قائم کرنے کی کوشش کی جارہی تھی جن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے وہاں غیرقانونی تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کرکے ان کے دفاتر کو سیل کردیاگیا۔ ڈویلپرز کوخبردار کیاگیا ہے کہ وہ ایف ڈی اے سے باقاعدہ منظوری حاصل کئے بغیر ہائوسنگ سکیمیں قائم کرنے سے اجتناب کریں بصورت دیگر مزید خلاف ورزیوں کی صورت میں قصوروارافراد کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرائے جاسکتے ہیں۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے شہریوں کو مطلع کیاگیاہے کہ وہ غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں سے ہوشیار رہیں اور پلاٹ خریدنے سے قبل متعلقہ ہائوسنگ سکیم کی قانونی حیثیت ودیگر ریکارڈ کی ضرور جانچ پڑتال کرلیں تاکہ انہیں کسی قسم کے نقصان یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔