لاہور(کامرس رپورٹر ) وفاقی وزارت تجارت قومی اسمبلی اور سینیٹ کے جوائنٹ سیشن میں ٹریڈ باڈی کے قوانین میں ایک نئی ترمیم پیش کررہی ہے جس سے تمام موجودہ عہدیداران اپنی اپنی ٹریڈ باڈی اور چیمبر میں 2 سال کے قانون سے استفادہ نہیں کر سکیں گے اور اسی سال اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے جبکہ نئے آنے والے عہدیدار ہی دو سال کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔ ذرائع کے مطابق ٹریڈ باڈی کے قوانین میں نئی ترمیم وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر کے احکام پر کی جا رہی ہے۔ جو ہر صورت میں چاہتے ہیں کہ ساری ٹریڈ آرگنائزیشنز کے موجودہ عہدیداران اور ایگزیکٹیو کمیٹی ممبران کو اس قانونی ترمیم کے ذریعے سے ہر صورت فوری طور پر ہٹا دیا جائے او ر انکی جگہ پر ہر قیمت پر نئے لوگ لائے جائیں۔ اس مقصد کے لئے انہوں نے پہلے ڈی جی ٹی او آفس سے الیکشن کروانے کا فرمان جاری کیا جوکہ عدالت نے خلاف قانون گردانتے ہوئے معطل کر دیا جس کے بعد اب وہ ٹریڈ باڈی کے قوانین میں ایک نئی ترمیم لا رہے ہیں جس کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کے جوائنٹ سیشن میں پیش کیا جائے گا۔ جس سے تمام موجودہ عہدیداران اپنی اپنی ٹریڈ باڈی اور چیمبر میں 2 سال کے قانون سے استفادہ نہیں کر سکیں گے اور اسی سال اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے اور نئے آنے والے عہدیدار ہی 2 سال کا فائدہ لے سکیں گے۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ترمیم اس طرح سے نہ ہی کبھی قومی اسمبلی میں پیش ہوئی اور نہ ہی اس شکل میں سینیٹ میں کبھی پیش ہوئی۔ لہٰذا جوائنٹ سیشن میں اس کا پیش کئے جانا سیدھا غیر آئینی ہے۔کیونکہ جوائنٹ سیشن میں صرف وہ قوانین پیش کئے جاتے ہیں جن سے متعلق دونوں ایوانوں میں ڈیڈ لاک ہو جائے۔جبکہ یہ ترمیم کبھی کسی ایوان میں پیش ہی نہیں ہوئی۔ماہرین کے مطابق موجودہ وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر ایک قسم کی طبع آزمائی کرنا چاہ رہے ہیں اوروہ بھی حکومت ختم ہونے سے چند دن پہلے تاکہ اگر کوئی احتجاج بھی کرنا چاہے تو بعد میں اْس کے پاس موقع ہی نہ ہو۔ تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ آخر کیوں نوید قمر پے در پے ایک سے بڑھ کر ایک حربہ استعمال کرنے پر تْل گئے ہیں۔ اور چاہتے ہیں کہ تمام ٹریڈ باڈیز کے موجودہ عہدیداران کو فورا فارغ کر دیا جائے۔ مزید یہ کہ اس سے قبل ٹریڈ آرگنائزیشن(امینڈمنٹ) ایکٹ 2022پاس کیا گیا تھا جو اس وقت نافذالعمل قانون ہے اور جس کے تحت تمام موجودہ عہدیداران کو حق حاصل ہے کہ وہ اب 2 سال تک عہدیدار رہ سکتے ہیں۔ جبکہ اب حکومت ختم ہونے سے چند روز قبل ایک نیا قانون لانے کی کوشش جس کے تحت اْن کی معیاد ِ عہدہ کم ہوتا ہے ایک ناقابل فہم عمل ہے۔