قلاہور(سپورٹس رپورٹر ) دنیائے فٹبال کے سپرسٹار لیونل میسی سے آٹوگراف لینے پر سٹیڈیم میں صفائی کرنے والے ملازم کو نوکری سے نکال دیا گیا ۔ کولمبیا سے تعلق رکھنے والے ملازم کرسچن سالامانکا جنہیں صفائی کرنے والی کمپنی نے نوکری پر رکھا تھا، وہ انٹر میامی اور اورلانڈو کے میچ کے دوران اپنی پہلی ہی شفٹ کے بعد ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔میچ کے دوران اپنی شفٹ پر آئے سالامانکا نے نیا یونیفارم پہنا ہوا تھا تاہم اس کے نیچے انہوں نے ارجنٹائن کی شرٹ بھی پہن رکھی تھی۔ جب ٹیمیں سٹیڈیم پہنچیں تو انہیں ارجنٹائن کے لیجنڈ سے ملنے کا موقع مل گیا۔ بسوں سے تمام کھلاڑی باہر آئے اور سب سے آخر میں میسی باہر آئے۔ میں نے انہیں آواز دی، ہیلو ورلڈ چیمپئن۔ انہوں نے میری طرف مڑ کر دیکھا، میں نے اپنے یونیفارم کی شرٹ اٹھائی، جس کے نیچے میں نے ارجنٹائن کی شرٹ پہنی ہوئی تھی اور ہاتھ میں مارکر پکڑا ہوا تھا۔انہوں نے مجھے آٹوگراف دیا، اسی وقت سکیورٹی آ گئی، انہوں نے مجھے وہاں سے باہر نکال دیا اور نوکری سے نکال دیا، لیکن مجھے میسی سے مل کر بہت مزہ آیا ہے۔