جدہ (نیٹ نیوز) یوکرائن نے سعودی عرب میں دو روز تک ہونے والے مذاکرات میں وسیع پیمانے پر متوقع 10 نکاتی امن فارمولہ تجویز کیا ہے۔ شرکاء نے بتایا کہ یہ اجلاس ہفتے کے روز بحیرہ احمر کے ساحلی شہر جدہ میں شروع ہوا جب کہ اس اجلاس کے بارے میں یوکرائن کے منتظمین نے کہا کہ اس میں تقریباً 40 ممالک کے نمائندے شامل ہوں گے‘ لیکن روسی نمائندے اس کا حصہ نہیں ہیں۔ ایجنڈے میں دو گھنٹے کی بات چیت اور عشائیے سے قبل مختلف وفود کی جانب سے دیے جانے والے تین گھنٹے کے بیانات شامل ہیں۔ اس سے قبل یوکرین کے صدارتی دفتر کے سربراہ نے نشر کیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں پیش گوئی کرتا ہوں کہ بات چیت آسان نہیں ہوگی لیکن سچ ہمارے ساتھ ہے۔ یوکرائن کے وفد کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہم میں بہت سے اختلافات ہیں، ہم نے کئی مؤقف سنے‘ لیکن یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے اصول شیئر کریں، ہمارا کام پوری دنیا کو یوکرین کے گرد متحد کرنا ہے۔ یوکرائنی صدر ولادیمیر زیلنسکی کے دفتر نے کہا کہ ملاقات میں انہوں نے 10 نکاتی امن فارمولا دیا ہے جس میں روسی افواج کا مکمل انخلا اور کریمیا سمیت یوکرین کی سرحدوں کے علاقے کی بحالی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ کریمیا کا 2014 میں روس نے الحاق کیا تھا۔