وانا (نیٹ نیوز) شمالی وزیرستان میں ایک ماہ سے جاری گرینڈ جرگے کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ جس میں اتفاق رائے سے وزیرستان سے متعلق متعدد فیصلے کیے گئے۔ ذاتی دشمنی کا بدلہ لینے پر 50 لاکھ روپے جرمانہ اور گھر گرا دیا جائے گا۔ غیرت کے نام پر قتل کا مقدمہ درج کرنے پر 15 دن کے اندر ایف ائی آر واپس لینا ہو گی۔ پہاڑوں میں اپنے بھائیوں اور بیٹوں سے امن کا مطالبہ کرتے ہیں۔ دریں اثنا ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) شمالی وزیرستان محمد سلیم ریاض نے کہا کہ نئے قوانین جرگوں میں نہیں بنائے جا سکتے۔ ڈی پی او محمد سلیم ریاض کا مزید کہنا تھا کہ قوانین جرگوں سے نہیں اسمبلیوں سے طریقہ کار کے مطابق پاس ہوتے ہیں۔ سرکاری ادارے قوانین کے دائرے میں رہ کر عوام کو سہولتیں پہنچائیں گے۔ کسی نے ملکی قوانین سے متصادم قوانین بنانے کی کوشش کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔ ڈی پی او کے مطابق غلط قوانین بنانے والے غیر متعلقہ افراد کا راستہ روکا جائے گا۔